اسلام آباد: پاکستانی وزیراعظم نواز شریف نے افغان صدر حامد کرزئی پر زور دیا ہے کہ وہ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن کے دوران فرار ہونے والے عسکریت پسندوں کو روکنے میں مدد کریں۔
نواز شریف نے اپنے افغان ہم منصب سے کہا کہ وہ شمالی وزیرستان سے ملحقہ افغان سرحد کو سیل کریں جہاں پاکستانی فوج عسکریت پسندوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے مورچہ بند ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان تسلیم اسلم نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف نے پیر کی رات افغان صدر کو ٹیلیفون کیا اور ان سے پاک – افغان بارڈر کو بند کرنے کی درخواست کی تاکہ ملٹری آپریشن کے دوران عسکریت پسند سرحد پار فرار نہ ہو سکیں۔
انھوں نے بتایا کہ پاکستانی عسکری ذرائع پہلے ہی ایسا پیغام پہنچا چکے تھے جبکہ افغان حکام سے یہ بھی درخواست کی گئی تھی کہ وہ پاکستان میں دہشت گردی کرنے والوں کےافغانستان میں محفوظ ٹھکانوں کو ختم کریں ۔
تسنیم اسلم نے کہا کہ انھیں افغان صدر کے ردعمل کے حوالے سے آگاہی نہیں ۔
دوسری جانب، افغان صوبہ خوست کے ترجمان مبریز محمد زردان نے بتایا کہ پاکستان سے ہزاروں قبائلی خوست کے ضلع گورباز منتقل ہو چکے ہیں، جنہیں خوراک اور امداد فراہم کی جا رہی ہے۔