|

وقتِ اشاعت :   June 18 – 2014

ہنگو: صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں آج نامعلوم افراد نے ایک گھر میں گھس کر سات افراد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ یہ ساتوں افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے اور پولیس کا کہنا ہے کہ یہ اورکزئی ایجنسی سے نقل مکانی کرکے یہاں آئے تھے۔ ہنگو کے صدر تھانے کے محرر نورعالم کا کہنا ہے کہ کاہی بکرو بانڈہ کے علاقے میں رات گئے نامعلوم مسلح افراد نے ایک گھر پر حملہ کیا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 7افراد ہلاک ہو گئے، جن میں دو خواتین سمیت چار مرد اور ایک بچی شامل ہے۔ نور عالم کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے۔ ہلاک شدگان کی شناخت میر رحمان، یاسمین بی بی، خلیل، تاج مینہ، احمد امین اور مجاہد کے نام سے ہوئی ہے جبکہ بچی کا نام عظیمہ بی بی بتایا گیا ہے ۔ پاکستانی فوج کی جانب سے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے آغاز کے بعد متاثرہ علاقوں سے قبائلیوں کی محفوظ مقام پر منتقلی حکومت کے لیے ایک بڑا چیلنج بن گئی ہے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے ایک ہینڈ آؤٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ انتظامیہ شمالی وزیرستان میں جاری ملٹری آپریشن کے باعث نقل مکانی کرنے والے افراد کی رہائش کا انتظام بنوں، لکی مروت، ٹانک، کرک اور ہنگو ڈسٹرکٹ کے اسکولوں میں کرے گی۔