|

وقتِ اشاعت :   June 19 – 2014

راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے گن شپ ہیلی کاپٹروں کی مدد سے دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر شیلنگ کرکے 23 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے۔ پاک فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کے دوران میران شاہ کی مشرق میں زرتا تنگی کی پہاڑیوں پر گن شپ کوبرا ہیلی کاپٹروں سے کارروائی کی گئی،زرتا تنگی کی پہاڑیاں دہشت گردوں کےاہم کمیونی کیشن سینٹرزمیں سےایک تھیں، کارروائی میں  15 شدت پسند ہلاک ہوگئے۔ اس کے علاوہ میرانشاہ میں ازبک دہشت گرد ایک سڑک کنارے سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے لئے بارودی سرنگ نصب کررہے تھےکہ مسلح افواج نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں ہلاک کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میران شاہ اور غلام خان سے مقامی آبادی کا انخلا شروع ہوگیا ہے اور آئی ڈی پیز کی سہولت کے لئے مختلف مقامات پر چیک پوائنٹس قائم کردیئے گئے ہیں، سداگئی پوسٹ پر رجسٹریشن پوائنٹس کی تعداد بڑھا کر 20 کردی گئی ہے جبکہ بنوں میں آئی ڈی پیز کیمپ قائم کردیا گیا ہے۔