پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا طیارہ ای کے612 علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور پر لینڈ کرگیا ہے، تاہم طاہر القادری نے جہاز کا رخ موڑے جانے کی وجہ سے باہر آنے سے انکار کردیا ہے۔
اس طیارے کو آج صبح بے نظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا، لیکن کافی دیگر فضاء میں پرواز کرنے کے بعد اسے لاہور کی جانب موڑ دیا گیا تھا۔
امارات ائیرلائنز کی ویب سائٹ نے طیارے کا رخ موڑے جانے کی تصدیق کی۔
اس قبل یہ اطلاعات آئیں تھیں کہ طاہر القادری کا طیارہ اسلام آباد کے ائیرپورٹ پر لینڈ کرچکا ہے۔
تاہم سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔
طاہر القادری کے استقبال کے لیے عوامی تحریک کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد ائیرپورٹ پر پہلے سے ہی موجود ہے، جہاں پر پولیس اور کارکنوں میں جھڑپ بھی ہوئی ہے۔
طاہر القادری راولپنڈی سے جی ٹی روڈ کے ذریعے لاہور جائیں گے، جہاں پر وہ ایک حکومت مخالف ریلی کی قیادت کریں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل رواں مہینے 17 جون کو لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان ہونے والے شدید جھڑپ میں سات افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔
ڈاکٹر طاہر القادری کی آمد پر صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ ہے۔
گزشتہ روز لندن سے دبئی کے لیے روانہ ہوتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی آمد کو روکنے کے لیے حکومت کی جانب سے جو اقدامات کیے جارہے ہیں وہ بعد میں اس سے پچھتائے گی۔
انہوں نے واضح کیا تھا کہ اگر انہیں جان سے مارا گیا تو ان کے خون کا بدلہ انقلاب سے آئے گا۔