|

وقتِ اشاعت :   June 28 – 2014

لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے متحدہ قومی مومنٹ کے سربراہ کو کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہرالقادری نے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سے فون پر گفتگوکی اورانہیں اتوارکوہونے والی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت کی دعوت دی۔ ڈاکٹرطاہرالقادری نے  الطاف حسین کوبتایاکہ یہ آل پارٹیزکانفرنس 17جون کوہونے والے سانحہ ماڈل ٹاؤن لاہور کے بارے میں ہورہی ہے جس میں دیگرسیاسی ومذہبی جماعتوں کوبھی مدعوکیاگیا ہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی اوراس بات پراتفاق کیا گیا کہ سانحہ  لاہورکی اعلیٰ سطح تحقیقات ہونی چاہیے اورسانحہ کے ذمہ داروں کوسزاضرورملنی چاہیے۔ اس موقع پر الطاف حسین نے ڈاکٹرطاہرالقادری سے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ان کے کارکنوں اورہمدردوں کے جاں بحق ہونے پر تعزیت کی جب کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے بھی الطاف حسین سے ایم کیوایم کی رکن قومی اسمبلی محترمہ طاہرہ آصف کے قتل پر تعزیت کے ساتھ قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس بلائی گئی ہے جس میں مسلم لیگ (ق)، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔