|

وقتِ اشاعت :   June 30 – 2014

کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں انسدادِ دہشت گردی کی ایک عدالت نے سلیمان لاشاری قتل کیس کے مرکزی ملزم سلمان ابڑو کو بچہ جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ اس سے قبل آج پیر کے روز مقدمے کی سماعت کے دوران میڈیکل بورڈ نے ملزم سلمان ابڑو کو نابالغ قرار دے دیا۔ بورڈ کی جانب سے پیش کی گئی میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سلیمان ابڑو کی عمر اس وقت اٹھارہ سال سے کم ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملزم سلمان ابڑو کی عمر سترہ سے اٹھارہ سال کے درمیان ہے۔ دوسری جانب سلیمان لاشاری کے والد نے اس میڈیکل رپورٹ کو چلینج کردیا ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ آزاد اور شفاف میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔ مصطفٰے لاشاری نے مؤقف اختیار کیا کہ عمر کے تعین سے متعلق نابالغ قرار دینے والے بورڈ کے ارکان سرکاری ملازم ہیں اور ملزم سلمان ابڑو کے دباؤ میں آکر رپورٹ تیار کی گئی ہے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 17 جولائی تک ملتوی کردی۔
مزید پڑھیں پولیس افسر کے بیٹے نے دوست کو گولی مار کر ہلاک کردیا
خیال رہے کہ رواں سال 8 مئی کو کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ سوسائٹی میں معمولی سے تنازعہ پر فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا تھا، جس میں سلیمان لاشاری اور ایک پولیس سیکیورٹی محافظ ہلاک ہوگیا تھا، جبکہ اس واقعہ میں ایک اہلکار زخمی بھی ہوا تھا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا تھا۔ یہ واقعہ ڈیفینس ہاؤسنگ سوسائٹی فیز فائیو، خیابان شمشیر میں سلیمان لاشاری کے بنگلے میں پیش آیا تھا۔