اسلام آباد: پاکستانی فوج کے مطابق شمالی وزیرستان میں زمینی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے جس میں اب تک 15 ‘دہشت گرد’ ہلاک کردیئے گئے ہیں۔
پاکستانی فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب جاری ہے جس میں فوجی اہلکاروں کی میرانشاہ میں گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ کارروائی میں انفنٹری اور سپیشل سروسز گروپس کے دستے حصہ لے رہے ہیں جبکہ میرانشاہ میں بڑی تعداد میں سرنگوں اور دیسی ساختہ بم بنانے کی فیکٹریاں برآمد کرلی ہیں۔
آئی ایس پی آر اعلامیے میں کہا گیا کہ فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے تین اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میرانشاہ اور میرعلی میں علی الصبح ٹینکوں، توپخانے اور بھاری ہتھیاروں سے مشترکہ کارروائی جاری ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ آپریشن ضرب عضب میں اب تک 376 ‘دہشت گرد’ ہلاک، 19 نے ہتھیار پھینک دیے اور ‘دہشتگردوں’ کی 61 پناہ گاہیں تباہ کردی گئیں۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ اب تک کی کارروائی میں پاک فوج کے 17 اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔
ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 110کلوگرام کے 30ہزار خوراک کے پیکٹ متاثرین میں تقسیم کردیے گئے۔پورے ملک میں قائم ریلیف مراکز سے 276 ٹن خوراک موصول ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ بنوں میں آرمی میڈیکل فیلڈ اسپتال میں 5665 مریضوں کا علاج معالجہ جاری ہے۔ 6535مال مویشیوں کو بھی ویٹنری معالجہ فراہم کیا گیا۔