|

وقتِ اشاعت :   July 6 – 2014

اسلام آباد: جسٹس ناصر الملک نے آج اتوار کے روز سپریم کورٹ کے بائیسویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ جسٹس ناصر الملک سے صدر ممنون حسین نے حلف لیا۔ جسٹس ناصر الملک سپریم کورٹ کے 22ویں چیف جسٹس ہیں جو 16 اگست 2015ء تک اس عہدے پر اپنی خدمات سرانجام دیتے رہیں گے۔ حلف برداری کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم نواز شریف، وفاقی وزراء، سینیئر ججز کے علاوہ اعلیٰ سول حکام اور تینوں مسلح افواج کے سربراہاں نے بھی شرکت کی۔ خیال رہے کہ سوات سے تعلق رکھنے والے نئے چیف جسٹس نے انیس سو چھہتر میں لندن سے بار ایٹ لاء کی ڈگری حاصل کی اور سترہ سال بطور وکیل خدمات انجام دیں۔ جسٹس ناصر الملک سے قبل جسٹس تصدق حسین جیلانی، افتخار محمد چوہدری، ارشاد حسن خان، بشیر جہنگیر، شیخ ریاض احمد اور ناظم حسین صدیقی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ جسٹس ناصر الملک 17 اگست سن 1950ء میں ضلع سوات میں پیدا ہوئے اور ڈگری حاصل کرنے کے بعد 1977ء میں وہ ایک قانونی ماہر بن گئے۔ انہوں نے عدالیہ میں تقریباً 17 سال سے زائد عرصہ خدمات سرانجام دیں ہیں، سپریم کورٹ کے سینیئر ترین جج کے عہدے پر ترقی پانے سے قبل وہ پشاور ہائی کورٹ کے جج بھی رہے چکے ہیں۔ اس قبل جسٹس تصدق حسین جیلانی گزشتہ روز ہفتےکو سبکدوش ہوگئے۔ انہوں نے عدالیہ میں تقریبا دس برس اپنی خدامات سرانجام دیں۔