|

وقتِ اشاعت :   July 8 – 2014

میرانشاہ: پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کے دوران دیگان کے علاقے میں فضائی کارروائی کے نتیجے میں مزید 13 عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق مارے جانے والے ‘دہشت گردوں’ میں غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فضائی کارروائی کے نتیجے میں شدت پسندوں کے سات ٹھکانے بھی تباہ کردیے گئے۔ ڈان نیوز کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران میران شاہ کا بڑا علاقہ عسکریت پسندوں سے کلیئر کرالیا ہے تاہم کچھ علاقوں میں اب بھی ‘دہشتگردوں’ کی طرف سے مزاحمت جاری ہے۔ میر علی میں بھی کارروائی کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاک فوج کی حکمت عملی کی بدولت شمالی وزیرستان میں ‘دہشت گردوں’ کے ٹھکانوں سے ملک بھر میں موجود ٹھکانوں کی معلومات ملی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہتھیار ڈالنے والے دہشتگردوں سے تفتیشن سے بھی اس ضمن میں مدد ملی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ آئی ڈی پیز کی آڑ میں شدت پسندوں کے فرار کی کوششیں بھی قبائلی جرگے کے تعاون سے ناکام بنادی گئی ہیں اور اس دوران متعدد دہشتگرد گرفتار کرلئے گئے ہیں۔ ان سے ملنے والی معلومات کی بنیاد پرحالیہ دنوں میں کراچی، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں کئی دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔