|

وقتِ اشاعت :   July 9 – 2014

برازیل میں کھیلے جانے والے 2014 کے فٹبال ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بدھ کو ارجنٹائن اور ہالینڈ کی ٹیمیں مدِمقابل ہوں گی۔ جیتنے والی ٹیم کا مقابلہ فائنل میں جرمنی سے ہوگا۔ جرمنی نے برازیل کو پہلے سیمی فائنل میں ایک کے مقابلے سات گول سے ہرا دیا تھا۔ ساؤ پاؤلو میں کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل میں ارجنٹائن کو مڈفیلڈر ڈی ماریا کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔ تاہم سرخیو آگویرو جو زخمی ہونے کی وجہ سے کوارٹر فائنل کھیل سکے تھے، اس میچ میں کھیلیں گے۔ ارجنٹائن کے لیونیل میسی کے لیے اپنا نام عظیم کھلاڑیوں کی فہرست میں لکھوانے کا سنہرا موقع ہے۔ ارجنٹائن نے بین الاقوامی مقابلوں میں ہونے والے آٹھ میچوں میں ہالینڈ کو صرف ایک بار 1978 کے فائنل میں ہرایا تھا۔ ان کے درمیان تین میچ برابر رہے ہیں جبکہ چار میں اسے شکست ہوئی۔ ہ ٹیمیں آخری بار 2006 کے ورلڈ کپ میں مدِمقابل ہوئی تھیں لیکن یہ میچ بغیر کسی گول کے برابر ہوگیا تھا۔ بیلجیئم کے کوچ مارک وِلموتس نے ارجنٹائن کے ساتھ کوارٹر فائنل میچ کے بعد کہا تھا کہ وہ کوئی’عام‘ ٹیم نہیں۔ اس بات میں تو کوئی شک نہیں کہ ارجنٹائن کی موجودہ ٹیم 1986 کی ٹیم سے بہتر نہیں لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ جس ٹیم میں میسی ہو وہ عام ٹیم نہیں ہو سکتی۔ آخری چار ورلڈ کپ مقابلوں میں ہالینڈ تیسری بار سیمی فائنل میں پہنچا ہے۔ ہالینڈ 2010 کے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں سپین سے ہار گیا تھا۔