|

وقتِ اشاعت :   July 9 – 2014

پشاور: شمالی وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن کے دوران آج بدھ کے روز کمانڈر میجر جنرل ظفر اللہ خان نے میڈیا کو بریفنگ دی ہے۔ انہوں نے بریفنگ کے دوران واضح طور پر کہا کہ حافظ گل بہادر جہاں بھی ملے گا اسے مار دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران فوج نے میران شاہ کا 80 فیصد علاقہ کلیئر کروالیا ہے۔ میجر ظفر اللہ خان نے بریفنگ میں مزید کہا کہ شمالی وزیرستان میں القاعدہ کی مجودگی کے شواہد ملے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آپریشن میں سول آبادی کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز سے جاری اس آپریشن میں متعدد مقامی اور غیر ملکی مشتبہ شدت پسند ہلاک ہوچکے ہیں۔

فوجی آپریشن : تازہ ترین کارروائی، عسکریت پسندوں کے تین ٹھکانے تباہ

شمالی وزیرستان: خیبر پختونخوا کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان کی تحصیل میرانشاہ میں پاک فوج کے تازہ ترین فضائی حملوں میں عسکریت پسندوں کے تین مبینہ ٹھکانے تباہ ہوگئے، جبکہ 11 مبینہ شدت پسندوں کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ ڈان نیوز ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے تحصیل میرانشاہ میں عسکریت پسندوں کے تین ٹھکانے تباہ کردیے، جس کے نتیجے میں گیارہ مبینہ شدت پسند ہلاک ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں اکثریت غیر ملکی جنگجو ہیں۔ ڈان ڈاٹ کام کے نمائندے نے بھی انٹیلی جنس اداروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے زیادہ تر عسکریت پسند غیر ملکی ہیں، تاہم ابھی شناخت کا عمل شروع نہیں کیا جا سکا ہے۔ ڈان نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے تحصیل میرعلی میں بھی عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کی ہے۔ میرانشاہ میں آپریشن ضرب عضب تیزی سے جاری ہے اور ایک بڑے علاقے کو دہشت گردوں سے خالی کروالیا گیا ہے۔ عسکری ذرائع نے بھی تازہ ترین کارروائی میں عسکریت پسندوں کے تین ٹھکانے تباہ کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔ ڈان ڈاٹ کام کے نمائندے کے مطابق آپریشن ضربِ عضب کے آغاز کے بعد پہلی مرتبہ ملکی و غیر ملکی میڈیا کو میران شاہ تک رسائی دی گئی ہے۔ میڈیا بالخصوص ٹی وی نیٹ ورکس کو اس بات کی بھی اجازت دی گئی ہے کہ وہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے تباہ کیے گئے عسکریت پسندوں کے مبینہ ٹھکانوں کی فوٹیج استعمال کر سکتے ہیں۔

وزیراعظم سے آرمی چیف کی ملاقات


وزیراعظم میاں نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی ہے جس میں آپریشن ضرب عضب میں اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم ہائوس میں ہونے والی ملاقات میں آپریشن ضرب عضب میں اب تک کی پیش رفت اورآئی ڈی پیز کےمعاملات پرگفتگو کی گئی جبکہ ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔