|

وقتِ اشاعت :   July 22 – 2014

غزہ / مقبوضہ بیت المقدس: سلامتی کونسل بھی غزہ میں اسرائیلی درندگی روکنے میں ناکام ہوگئی  جس کے بعد تازہ کارروائی میں صیہونی فوج نے غزہ میں بمباری کر کے مزید 116 نہتے فلسطینیوں کی جان لے لی جبکہ حملوں میں 7 اسرائیلی فوجی بھی مارے گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بدحواس صیہونی فوج کی جانب سے مسلسل 14ویں روز محصورین غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے، تازہ بمباری کے نتیجے میں 7 کمسن بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک اور کارروائی میں صیہونی فوج نے سرحد عبور کرنے کا الزام لگاتے ہوئے فائرنگ کر کے مزید 10 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔ دیر البلاح کے اسپتال پر اسرائیلی فوج کا حملہ، 5 فلسطینی جاں بحق جبکہ  70 زخمی ہوگئے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج کی بمباری سے تباہ ہونے والی عمارت کے ملبے سے مزید 16 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں اور جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جارہا ہے۔ وزارت صحت کا مزید کہنا ہے کہ گزشتہ 14 روز سے جاری غزہ پر اسرائیلی فوجی بربریت کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 500 سے تجاوز کر گئی جبکہ صیہونی فوج کے حملوں میں 2600 سے زائد افراد بھی زخمی ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب حماس کی جانب سے حملوں میں 7 اسرائیلی فوجی بھی مارے گئے جن کی ہلاکت کی اسرائیل نے بھی تصدیق کردی ہے۔

واضح رہے کہ غزہ پر 8 جولائی سے جاری اسرائیلی جارحیت کے دوران ہر طرف تباہی کا منظر ہے جبکہ حماس اور اسرائیلی فوج کے درمیان جاری لڑائی کے باعث متعدد افراد نے پڑوسی ملک مصر کی جانب پناہ لے لی ہے۔