کراچی: مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ شوال کا چاند نظر آگیا ہے، کل بروز منگل عید ہو گی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مفتی منیب الرحمن کی زیر صدارت کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں منعقد ہوا۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے ملک میں چاند نظر آنے اور منگل کو عیدالفطر منانے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے چاند نظر آنے کی معقول شہادتیں موصول ہوئیں اور تمام علما اور ماہرین کے اتفاق سے کل عید منانے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں لہٰذا کل بروز منگل 29 جولائی 2014 بمطابق یکم شوال 1435 ہجری کو عیدالفطر منائی جائے گی۔
اجلاس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنےوالے کمیٹی کے ارکان،سپارکو، پاک بحریہ اور محکمہ موسمیات کے ماہرین نے شرکت کی۔
کراچی کے علاوہ لاہور، پشاور، کوئٹہ اور اسلام آباد میں بھی زونل کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوئے۔
اجلاس میں کراچی سمیت ملک بھر سے چاند کی رویت سے متعلق شہادتیں اکٹھی کی گئیں۔
یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے پنجاب کے جنوبی اضلاع، سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں چاند نظر آنے کے قوی امکانات ظاہر کیے گئے تھے۔