|

وقتِ اشاعت :   August 12 – 2014

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان، ہندوستان میں پراکسی وار میں ملوث ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے علاقے لیہہ میں ہائیڈروپاورپروجیکٹ کے افتتاح کے بعد فوجیوں سے خطاب میں نریندر مودی کا کہنا تھا کہ پاکستان روایتی جنگ لڑنے کی قوت کھو چکا ہے اور اب ہندوستان میں پراکسی جنگ میں لڑ رہا ہے۔ نریندرا مودی ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کا دورہ کررہے ہیں ۔ مودی کا دورہ کشمیر اور یہ بیان ان حالات میں سامنے آیا ہے جب پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشمیر کے متنازعہ علاقے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے ۔ پاکستان نے پیر کے روز ایک سینئر ہندوستانی سفارتی عہدیدار کو سیالکوٹ میں فائرنگ کے واقعے پر طلب کیا تھا، اور اس واقعہ پر وضاحت طلب کی تھی۔ پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق فائرنگ میں ایک پاکستانی شہری ہلاک ہوا تھا۔ پاکستانی حکام نے ہندوستان پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا، اور واقعے پر باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرایا۔ نئی دہلی اور اسلام آباد کے درمیان 1999ء کے تنازعے کے بعد 2003ء میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا تھا۔ لیکن جنگ بندی کے اس معاہدے کے باوجود 2003ء سے اب تک کنٹرول لائن پر فائرنگ کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نریندرا مودی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ان کی پہلی منزل لیہہ کا قصبہ ہوگی، جس کے بعد وہ ضلع کارگل کی جانب روانہ ہوں گے۔ یاد رہے کہ 1999ء میں کارگل کی جنگ کے بعد وہ اس علاقے کا دورہ کرنے والے ہندوستان کے پہلے وزیراعظم ہوں گے۔