ملتان: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی کے گھر پر حملے میں ملؤث مسلم لیگ (ن) کے کارکن بلو بٹ سمیت اٹھارہ کارکنوں کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی ہے۔
حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے بلو بٹ سمیت اٹھارہ کارکنان آج بروز ہفتہ ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت پہنچے، جہاں مسٹر جسٹس اقبال وڑائچ نے چار ستمبر تک ان کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی۔
اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے بلو بٹ نے شاہ محمود قریشی کے گھر پر حملے میں ملؤث ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ دراصل کارکنوں کو اس عمل سے باز رکھنے کی کوشش کر رہے تھے۔
بلو بٹ نے امید ظاہر کی کہ عدالت انہیں انصاف فراہم کرے گی۔
یاد رہے کہ جمعرات کو ملتان شہر میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر بلال عرف بلو بٹ کی قیادت میں مسلم لیگی کارکنوں نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کے ایک بیان کو غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے مشتعل ہو کر ملتان میں ان کے گھر پر دھاوا بول دیا تھا۔