عمران خان نے ایک بار پھر اس موقف کا اعادہ کیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے استعفی تک وہ اسلام آباد سے جانے والے نہیں اور ملک بھر میں پہیہ جام کردیں گے۔
اسلام آباد میں آزادی مارچ کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کے استعفے کے بغیر کوئی بات نہیں ہوسکتی،ہم اپنے مطالبے کو منوانے کے لیے ملک گیر ہڑتال اور پہیہ جام کر دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک انتخابی دھاندلی کی تحقیقات ہورہی ہیں وزیراعظم اپنے عہدے سے مستعفی ہوکر الگ رہیں، ہم اس مطالبے سے پیچھے ہٹنے والے نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری تحریک اب پورے پاکستان میں پھیلنے والی ہے۔ پاکستانیوں سے کہتا ہوں کہ اپنے ملک کے لیے نکلو، نئے پاکستان کے لیے نکلو، سرکاری بینکوں سے اپنے پیسے نکال لو۔
عمران خان نے کہا کہ آصف زرداری نے مجھے خود فون کرکے کہا تھا کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی اب وہ کس منہ سے جمہوریت کی بات کررہے ہیں.
عمران خان نے کہا کہ کنٹینر کھڑے کرکے لوگوں کو آنے سے روکا جارہا ہے، مذاکراتی ٹیم بھیجنے سے پہلے کنٹینر ہٹائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک نیا پاکستان نہیں بنتا ان کے پاس شادی کے لیے سوچنے کا وقت نہیں تاہم اب کوئی بھی نیا پاکستان بننے سے نہیں روک سکتا۔