|

وقتِ اشاعت :   August 26 – 2014

ہمبن ٹوٹا: سری لنکا نے دوسرے ایک روزہ میچ میں کپتان انجیلو میتھیوز کے جارحانہ 93 رنز کی بدولت پاکستان کو جیت کے لئے 311 رنز کا ہدف دیا ہے۔ سری لنکا کے شہر ہمبن ٹوٹا میں کھیلے جارہے دوسرے میچ میں سری لنکا کے کپتان انجیلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا. میچ کے آغاز میں سری لنکا نے شاندار کھیل پیش کیا تاہم تلکارتنے دلشان دوسرے اوور میں 14 رنز کے مجموعے پر 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد کمار سنگاکارا نے اپول تھرنگا کا ساتھ دیا تاہم وہ بھی 8 رنز بنا کر وہاب ریاض کا شکار ہوگئے جب کہ اوپنر اپول تھرنگا بھی 10 ویں اوور میں 27 رنز بنا کر وہاب ریاض کی بال پر ہی عمر اکمل کو کیچ دے بیٹھے۔ کپتان انجیلو میتھیوز اور مہیلا جے وردھنے نے ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹ پر 122 رنز کی شراکت قائم کی اور جے وردھنے 184 کے مجموعی اسکور پر 67 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، میتھیوز 93 اور تھسارا پریرا 65 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 شکار کئے جبکہ محمد حفیظ 3 اور جنید خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ تین ون ڈے میچز کی سیریز میں پاکستان کو سری لنکا کے خلاف ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔