۔ — فائل فوٹو

|

وقتِ اشاعت :   August 27 – 2014

کوئٹہ+مستونگ(اسٹاف رپورٹر+نامہ نگار)بلوچستان کے ضلع مستونگ میں نامعلوم افراد نے بزرگ شخصیت کے مزار کو دھماکے سے تباہ کردیا، دھماکے سے ایک خاتون بھی زخمی ہوگئی۔ پولیس کے مطابق واقعہ مستونگ شہر سے نصف کلو میٹر کے فاصلے پر تھانہ سٹی کی حدود کلی شیخان میں واقع شیخ تقی بابا کے مزار کے اندر قبر کے ساتھ دھماکا خیز مواد نصب کر رکھا تھا۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ قبر اور عمارت کو شدید نقصان پہنچا جبکہ مزار کے احاطے میں موجود ایک ضعیف العمر خاتون زر بی بی دختر ولی محمد پرکانی زخمی ہوگئی۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس او رضلعی انتظامیہ کے عہدیدار موقع پر پہنچ گئے اور زخمی خاتون کو اسپتال پہنچادیا۔ دھماکے میں پانچ کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کئی ہائیوں سے قائم اس مزار کی زیارت کیلئے دور دراز سے لوگوں کی بڑی تعداد آتی ہے۔ دھماکا صبح کے وقت کیا گیا جبکہ رش شام کے اوقات میں ہوتا ہے۔ مزار پر سیکورٹی کے لئے کوئی موجود نہیں تھا۔مقامی انتظامیہ کے مطابق یہ مستونگ میں اپنی نوعیت کا پہلا واقع ہے ۔ مزار وں کو اس حوالے سے کسی قسم کے خطرے کا خدشہ نہیں تھا اس لئے سیکورٹی اہلکار تعینات نہیں کئے گئے۔ یاد رہے کہ چند ماہ قبل بھی بلوچستان کے علاقے کوہلو میں مست توکلی کے مزار کو دھماکے سے تباہ کیا گیا تھا۔ اس طرح مستونگ کا واقعہ بلوچستان میں اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔ ایسے واقعات ماضی میں خیبر پختونخوا اور قبائلی علاقوں میں رونما ہوچکے ہیں جن کی ذمہ داری کالعدم مذہبی تنظیموں کی جانب سے قبول کی گئی تھی تاہم بلوچستان میں پیش آنے والے اس واقعہ اب تک کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔