|

وقتِ اشاعت :   September 1 – 2014

اہم ترین

پی ٹی وی کی نشریات بحال

پاکستان کے سرکاری ٹی وی ( پی ٹی وی) کی عمارت کو مظاہرین سے کلیئر کروالیا گیا ہے جس کے بعد نشریات ایک مرتبہ پھر بحال ہوگئی ہے۔ پی ٹی وی کی عمارت پر فوج اور رینجرز کے اہلکاروں نے کنٹرول سنبھال لیا ہے جبکہ مظاہرین اب عمارت سے باہر نعرے بازی کررہے ہیں۔

‘بحران کو سیاسی طور پر حل کیا جائے’


آرمی چیف کی زیرِ صدارت کور کمانڈر کانفرنس جی ایچ کیو میں ہوئی ہے، کانفرنس کا وقت تبدیل کیا گیا تھا جس کے بعد کانفرنس 4 گھنٹے جاری رہی۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وقت ضائع کیے بغیر مسئلے کو حل کیا جائے، طاقت کے استعمال سے صورتحال مزید خراب ہو گی، پاک فوج جمہوریت کی حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں موجودہ سیاسی بحران سمیت ملکی سلامتی اور دیگر پیشہ وارانہ امور زیر بحث آئے۔

سرکاری ٹی وی پر حملہ ناقابلِ قبول ہے، ماروی میمن

پاکستان مسلم لیگ نون کی رہنما ماروی میمن نے پی ٹی وی کی عمارت پر مظاہرین کے قبضے کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام مسائل کا حل بات چیت ہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اطلاعات ہیں کہ پی ٹی وی کی عمارت میں کافی نقصان ہوا ہے۔ حکمران جماعت کی رہنما نے کہا کہ گزشتہ روز ان کی گاڑی پر بھی حملہ کیا گیا۔
ایک گھنٹہ پہلے

وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات متوقع

وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ملاقات اب سے کچھ دیر میں ملاقات متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں آرمی چیف وزیراعظم کو گزشتہ رات ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں ہونے والے فیصلوں سے آگاہ کریں گے۔
ایک گھنٹہ پہلے

قومی حکومت بنائی جائے، طاہر القادری

طاہر القادری نے کہا کہ ہم پاک فوج سےنہیں لڑسکتے کیونکہ فوج عوام کی حفاظت کے لیے لڑتی ہے۔پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے اپنے کارکنوں کو عمارتوں کے اندر جانے سے روکتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کے جوان آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت تعینات ہیں لہٰذا ان کی متعین کردہ حدود کو کراس نہ کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ کارکنان پاک فوج کی ہدایت پر سختی سے عمل کریں اور کسی قسم کی توڑ پھوڑ نہیں ہونی چاہیے۔ طاہر القادری نے اپنے کارکنوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ آپ فتحیاب ہوگئے، نظم و ضبط برقرار رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے چوکیاں چھوڑدی ہیں اور ان کا ضمیر جاگ گیا ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ حکمران کارکنوں کے صبر کا مزید امتحان نہ لیں، اسمبلیاں اور حکوت ختم اور قومی حکومت قائم کی جائے۔
ایک گھنٹہ پہلے

2 گھنٹے پہلے

جو کارکن پی ٹی وی کی عمارت میں ہے وہ ہمارا نہیں، عمران خان

پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پرامن رہیں اور جو کارکن اس وقت پی ٹی وی کی عمارت میں ہیں وہ کارکن نہ تو پی ٹی آئی کا ہے اور نہ ہی عوامی تحریک کا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی سرکاری عمارت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔
2 گھنٹے پہلے

اسلام آباد کے ریڈ زون میں رینجرز کے تازہ دستے طلب

اسلام آباد کے ریڈ زون میں صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے فوج کے ساتھ ساتھ رینجرز کے تازہ دم دستے بھی طلب کرلیے گئے ہیں۔ رینجرز کے دستے نے پی ٹی وی کے مرکزی اسٹیشن کا کنٹرول سنبھال لیا ہے اور مظاہرین کو پی ٹی وی کی عمارت سے باہر نکانے کا عمل شرو ع کردیا گیا ہے۔
2 گھنٹے پہلے

پورے پاکستان سے ایک آواز آرہی ہے گو نوا ز گو ، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے سربراہ عمران خان نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف کے استعفے کےبغیر انصاف نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں چودہ ماہ سے کہہ رہا تھا کہ انصاف نہ ملا تو سڑکوں پر آئیں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ 45 لوگوں کو گولیاں لگی ہیں اور ہم ان سب کو انصاف دلوائیں گے۔ انھوں نے میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے گلو بٹوں نے جس طرح سے میڈیا اور صحافیوں پر تشدد کیا ہے، وہ قابل مذمت ہے۔ عمران خان نے اپنے کارکنوں کو پر امن رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ اور ڈاکٹر طاہر القادری بات چیت سے اگلا لائحہ عمل طے کریں گے۔ پی ٹی آئی چیئرمین نےکہا کہ وزیراعطم نواز شریف کے پاس اب اخلاقی طور پر وزیراعظم رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔
2 گھنٹے پہلے

پی ٹی وی کی عمارت پر مظاہرین کا حملہ، نشریات بند

مظاہرین نے سرکاری ٹی وی پی ٹی وی کی عمارت پر حملہ کیا ہے کہ کارکن عمارت کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ مظاہرین نے پی ٹی وی نیوز کی عمارت میں توڑ پھوڑ بھی شروع کردی ہے جس کے بعد نشریات کو بند کردیا گیا ہے۔ مظاہرین کو روکنے اور صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے فوجی اہلکاروں کی مزید نفری طلب کرلی گئی ہے۔
3 گھنٹے پہلے

عوامی تحریک کے کارکن پر امن رہیں، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔ عمران خان نے ڈاکٹر طاہر القادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے کارکنوں کو پر امن رہنے کی تلقین کریں۔
3 گھنٹے پہلے

‘فوج سے نہ پہلے رابطہ تھا نہ ہی اب ہے”

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ پاک فوج نہ پہلے رابطہ تھا اور نہ اب ہے۔ دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عوامی تحریک نے کارکنوں کو پر امن رکھنے کی ایک مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات کا سلسلہ اس لے لیے آگے نہیں بڑھ سکا، کیونکہ حکمران آئین پر یقین نہیں رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوامِ عالم میں ہمارے احتجاج کی کوئی نظیر نہیں ملتی ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ 2013 کا الیکشن دھاندلی تھا۔ انہوں نے کہا کہ سترہ دن ہوگئے، لیکن ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوئے۔ طاہر القادری نے اپنے کارکنوں کے عزم و ہمت کی داد دیتے ہوئے کہا کہ فتح کا دن قریب ہے۔ آخر میں انہوں نے میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس انقلاب کا ثمر آپ کو بھی ملے گا۔
3 گھنٹے پہلے

تازہ جھڑپوں میں پانچ پولیس اہلکار بھی زخمی

اسلام آباد کے ریڈ زون میں پیر کی صبح ہونے والی تازہ جھڑپوں میں ایس ایس پی اسلام آباد عصمت اللہ جونیجو سمیت پانچ اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ پمز ہسپتال کی انتظامیہ کے مطابق اب تک تی زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا ہے۔
3 گھنٹے پہلے

وزیراعظم ہاؤس پر فوجی دستے الرٹ

وزیر اعظم ہاؤس پر تعینات فوج کے دستوں کو الرٹ کردیا گیا ہے، جبکہ مظاہرین مظاہرین کی جانب سے زبردست نعرے بازی بھی کی جارہی ہے۔ مظاہرین وزیراعظم ہاؤس کے پہلے گیٹ پر پہنچے میں کامیاب ہوگئے ہیں، تاہم اب انہیں فوج کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے۔
3 گھنٹے پہلے

پی ٹی وی چوک پر کنٹینر نذرآتش

ریڈ زون میں واقع پی ٹی وی چوک پر بھی پولیس اور عوامی تحریک کے کارکنوں میں جھڑپیں مسلسل جاری رہیں، جبکہ اس دوران ایک کنٹینر کو بھی آگ لگا دی گئی ہے۔
3 گھنٹے پہلے

مظاہرین وزیراعظم ہاؤس کے سامنے

پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان وقفے وقفے سے جھڑپیں جاری ہیں، جبکہ مظاہرین پیش قدمی کرتے ہوئے وزیراعظم ہاوس کے سامنے پہنچ گئے ہیں۔ پولیس کی جانب مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا بھی استعمال کیا جارہا ہے۔
4 گھنٹے پہلے

مظاہرین نے توڑ پھوڑ شروع کردی

پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے مشتعل مظاہرین نے پاک سیکریٹریٹ کا گیٹ توڑ دیا ہے، جبکہ دوسری جانب مظاہرین نے پی ٹی وی چوک پر کنٹینر کو بھی آگ لگا دی ہے۔
4 گھنٹے پہلے

طاہر القادری پاک سیکریٹریٹ کی جانب روانہ

عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری اپنے کنٹینر سے نکل کر گاڑی میں پاک سیکریٹریت کی جانب روانہ ہوگئے ہیں۔ عوامی تحریک کے کارکن وزیراعظم ہاؤس کی جانب پیش قدمی کررہے ہیں۔
5 گھنٹے پہلے

مظاہرین اور پولیس میں پھر جھڑپیں

اسلام آباد کے ریڈ زون میں واقع پاک سیکریٹریٹ میں عوامی تحریک کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان پیر کی صبح دوبارہ جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جس میں متعدد کارکن زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس کی جانب سے مظاہرین پر پتھروں بھی کیا گیا ہے، جبکہ زخمی ہونے والے کارکنوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کی انتظامیہ کی جانب سے کارکنوں کو ہدایت کی گئیں کہ وہ وزیراعظم ہاؤس کی جانب نہ جائیں۔ کارکنوں سے کہا گیا ہے کہ وہ طاہرالقادری کے کنٹینر کے قریب پہنچ جائیں۔
6 گھنٹے پہلے

اسلام آباد میں بارش، مظاہرین کو مشکلات کا سامنا

دارالحکومت اسلام آباد میں پیر کی صبح موسلادھار بارش سے دھرنے کا شرکاء کو شدید مشکالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بارش کے باعث ریڈ زون میں واقع گرین بیلٹ آرام کرنے والے عوامی تحریک کے کارکنوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں مزید بارش کا امکان ہے۔
10 گھنٹے پہلے

نوازشریف معاملے کو انا کا مسئلہ نہ بنائیں، الطاف حسین

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے وزیراعظم نواز شریف کو مشورہ دیا ہے کہ وہ فوری طور پر عمران خان اور طاہر القادری سے مذاکرات کرکے مسائل کا حل تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے رفقاءکے ساتھ طاہرالقادری اور عمران خان کے کنٹینر خود جائیں۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کےاستعمال سے ہر قیمت پر گریز کیاجائے جبکہ وزیراعظم معاملےکو انا کامسئلہ نہ بنائیں۔
11 گھنٹے پہلے

عمران خان نے اپنے خلاف ایف آئی آر کو مسترد کردیا

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اپنے خلاف الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت جھوٹے الزامات کے تحت ایف آئی آر درج کرنا چاہتی ہے۔ اسلام آباد میں جاری تحریک انصاف کے دھرنے کےشرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا کام ایف آئی آر کاٹنا نہیں ہوتا جبکہ انہیں ایف آئی آر کی کاپی وزیراعظم ہاؤس سے موصول ہوئی۔ عمران خان نے کہا کہ نئے پاکستان میں جھوٹی ایف آئی آر کٹوانے والا جیل جائے گا اور نواز شریف ایک سوچ کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کنٹینر میں موجود ہیں، کیسے کسی دہشت گردی میں ملوث ہوسکتے ہیں جبکہ مہذب معاشرے میں قانون تحفظ فراہم کرتا ہے۔
13 گھنٹے پہلے

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے خلاف بھی مقدمہ کیا جائے گا، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد شیر دل کے خلاف بھی مقدمہ درج کروایں گے، ان کے حکم پر ہی تشدد کیا گیا۔ اسلام آباد میں کارکنوں سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ شیلنگ کےوقت حالات بہت برےتھے، نواز شریف عمران خان سے خوف زدہ ہیں،مشکل وقت میں قوم کی پہچان ہوتی ہے، ملک بھر سے لوگ سڑکوں پر نکلے ہیں، سب پاکستانیوں کو اس تحریک میں ایک قوم بنتے دیکھا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ پولیس کے ذریعے ظلم بھی ہم پر کیا گیا اور مقدمہ بھی طاہر القادری اور مجھ پر درج کیا گیا۔ پی ٹی آئی کے سربراہ نے اپنے کارکنان اور پاکستان عوامی تحریک کے حامیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
13 گھنٹے پہلے

ریڈ لائنز کا دفاع کیا جائے گا،ایس ایس پی اسلام آباد


اسلام آباد پولیس کے سربراہ ایس ایس پی عصمت اللہ نے کہا ہے کہ ریڈ لائنز کی تشریح کرنے ہماری ذمہ داری نہیں ہے، جو ہمیں آئین و قانون کے درمیان لائنز بتائی گئی ہیں اس کا دفاع کیا جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس ایک احکامات پر عمل درآمد کرنے والا ادارہ ہے وہ کوئی پالیسی نہیں بناتی بلکہ وہ ملنے والے احکامات پر عمل کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحافیوں پر تشدد کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، گزشتہ روز آنسو گیس سے خواتین اور بچے متاثر ہوئے جس پر ہم معذرت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عصمت اللہ نے مزید کہا کہ مغربی ممالک میں وزیر اعظم ہائوس کے سامنے احتجاج کرنے کی اجازت طلب کی جاتی ہے جس کے لیے ان کو ٹائم بتا دیا جاتا ہے جس میں وہاں احتجاج کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 20 سال میں کتنی بار وزیر اعظم ہائوس کے سامنے احتجاج ہوا ہے، اگرا وزیر اعظم ہائوس کے سامنے احتجاج کو آئین و قانون کا حصہ بنا دیا جاتا ہے تو اس پر پولیس عمل کرے گی اور لوگوں کو خود وزیر اعظم ہائوس تک لے کر جائے گی۔ ایس ایس پی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ طاقت کا استعمال نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام جماعتوں سے اپیل کی کہ ہمیں جو ریڈ لائنز بتا دی گئی ہیں ان کا دفاع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کو کوئی خطرہ نہیں ہے، پارلیمنٹ کی سیکیورٹی آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج کے پاس ہے۔
13 گھنٹے پہلے

عمران اور قادری پاکستان کو میدان جنگ بنانا چاہتے ہیں، شہباز شریف


پنجاب کے وزیر اعلیٰ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان اور طاہر القادری پاکستان کو میدان جنگ بنانا چاہتے ہیں۔ پنجاب کے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ دنیا کا کون سا قانون ریاستی اداروں پر حملے کی اجازت دیتا ہے؟ شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان دھاوا بولنے پر حامیوں کی ہمدردیاں کھو بیٹھے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے عین مذاکرات کے وقت دھاوا بولنے کی ہدایت کیوں کی؟ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمن ہمارا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان تحریک اانصاف کے سربراہ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے نوجوان نسل کو اچھا رول ماڈل فراہم نہیں کیا۔
13 گھنٹے پہلے

جمہوریت کی حمایت جاری رکھیں گے، کورکمانڈرز


کورکمانڈرز نے موجودہ سیاسی صورتحال پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جمہوریت کی حمایت کرتے ہیں۔ جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت چار گھنٹے تک جاری رہنے والی اس کانفرنس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس سیاسی بحران کو وقت ضائع کیے بغیر کسی تشدد کے حل کیا جائے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بحران کے حل کیلئے تشدد کا استعمال صورتحال کو مزید خراب کرے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فوج ملک کی سیکورٹی اور قومی تقاضوں پر پورا اترے گی۔
13 گھنٹے پہلے

میں دہشت گرد ہوں، عمران خان


پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ طاہر القادری اور مجھے جیل میں ڈال کر تحریک ختم نہیں ہوگی، حکومت نے ہم پر دہشت گردی کا پرچہ کٹوا دیا ہے۔ انہوں نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سے ڈرو کیونکہ آپ مجھے خرید نہیں سکتے، اسی لیے میں دہشت گرد ہوں۔ اسلام آباد میں اپنے کارکنان سے خطاب میں ان کہنا تھا کہ نواز شریف اور چوہدری نثار پولیس کا غلط استعمال نہ کریں۔ انہوں نے خطاب میں استعفی دینے والی ڈی ایس پی خدیجہ کو خراج تحیسن پیش کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اب تک 731 پولیس اہلکار تشدد سے انکار کرچکے ہیں۔
13 گھنٹے پہلے

عمران خان اور طاہر القادری کے خلاف مقدمہ درج کرنیکا فیصلہ


وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تھانہ سیکریٹریٹ پولیس نے آئی جی اسلام آباد سے تحریری طور پر رجوع کر لیا ہے۔ رپورٹ مین یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے خلاف مقدمہ کی دفعات فیصلہ وزارت داخلہ کرے گی،
13 گھنٹے پہلے

ایس ایس پی اسلام آباد کی تبادلے کی درخواست


ایس ایس پی (سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس) محمد علی نیکو کارا نے اسلام آباد سے تبادلے کی درخواست دے دی۔ ایس ایس پی کا سیکریٹری داخلہ سے مکالمہ ہوا تھا جس میں انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن سے بڑا سانحہ اسلام آباد میں ہو سکتا ہے۔ یاد رہے کہ سابق آئی جی آفتاب چیمہ پہلے ہی اسلام آباد پولیس سے اپنا تبادلہ کروا چکے ہیں۔ کیپٹن (ر) الیاس کو اسلام آباد پولیس میں اسی عہدے پر تعینات کیا جا رہا تھا مگر ان کی جانب سے بھی معذرت کر لی ہے۔ کیپٹن (ر) الیاس کی معذرت کے بعد ایس ایس پی آپریشنز کا عہدہ اضافی طور پر ایس پی ٹریفک پولیس عصمت اللہ جونیجو کو دے دیا گیا ہے۔ [قبل ازیں ایک خاتون ڈی ایس پی بھی مستعفی ہو چکی ہیں۔][4] اس تبادے کے فوری بعد ہی عمران خان نے بھی کارکنا سے خطاب کیا کہ محمد علی نے احتجاج کرنے والوں پر تشدد کرنے سے انکار کیا اب ان کی جگہ مسلم لیگ(ن) کے وفادار پولیس افسر کو اسلام آباد میں تعینات کیا جا رہا ہے۔
13 گھنٹے پہلے

صحافیوں پر تشدد کی تحقیقات کا حکم


وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ صحافیوں پر تشدد کی تحقیقات کے لیے وزیر اعظم نے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ تمام میڈیا چینلز میں معذرت کے لیے جا رہے ہیں، پولیس نے جو میڈیا پر تشدد کیا یہ ہمارا کیس خراب کرنے کی کوشش ہے۔ پی ٹی آئی سے مذاکرات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ساتھ معاہدے کے قریب پہنچ چکے تھے، پونے چھ نکات پر تحریک انصاف سے اتفاق ہو چکا تھا۔
13 گھنٹے پہلے

کراچی میں تحریک انصاف کے دھرنے شروع


پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی احتجاج شروع کر دیا گیا۔ کراچی کی مرکزی شاہراہ شارع فیصل میٹرو پول کے قریب تحریک انصاف کے کارکنوں نے دھرنا دے دیا ہے۔ شہر کی ایک اور چورنگی تین تلوار چورنگی پر بھی پی ٹی آئی کے حامیوں نے دھرنا دے دیا ہے، دونوں مقامت پر ٹریفک معطل ہو گیا ہے۔ یاد رہے کہ نمائش چورنگی پر دیگر جماعتوں کی جانب سے گزشتہ روز ہی دھرنا دے دیا گیا تھا۔
13 گھنٹے پہلے

عمران خان کی بہنوں کو پولیس نے روک لیا

 عمران خان کی دونوں بہنیں احتجاج کرنے والے تحریک انصاف کے کارکنان کے لیے کھانا لے کر جا رہی تھیں۔عمران خان کی دونوں بہنوں کو سیکریٹریٹ چوک پر پولیس نے روک لیا۔ ان کی جانب سے جب پولیس کو بتایا گیا کہ یہ کھانا تحریک انصاف کے کارکنان کے لیے تو پولیس نے ان کا آگے جانے سے روک دیا۔ پولیس کا موقف تھا کہ یہ کارکن پولیس سے لر رہے ہیں اس لیے ان کے لیے کھانا نہیں لے جایا جا سکتا،
13 گھنٹے پہلے

جتنی دیر ہوگی معاملہ اتنا خراب ہوتا جائے گا، الطاف حسین


متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ حکومت کو غیرجمہوری طریقہ زیادہ پسند آیا، جتنی دیر کی جائے گی اتنا معاملہ خراب ہوتا جائے گا۔ کارکنان اور ذمہ داران سے ٹیلی فون پر گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ظلم و بربریت کے خلاف پرامن یوم سوگ کا اعلان کی، مسائل کے حل کیلئے حکومت کو کافی تجاویز دیں، اختلاف رائے کو برداشت کیا جائے، موجودہ حکومت کے دور میں ہمارے خلاف آپریشن کیا گیا۔ الطاف حسین نے کہا کہ جمہوریت بچانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی، مظاہرہ کرنے والی جماعتوں کے مطالبات کو سنجیدگی سے سنا جائے،سانحہ ماڈل ٹاؤن کو مس ہینڈل کیا گیا
13 گھنٹے پہلے

عمران خان اور جاوید ہاشمی کے راستے جدا،تین ارکان اسمبلی پارٹی سے خارج


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان نے کہا کہ وزیر اعظم ہاوس جانے کا فیصلہ کور کمیٹی میں ہوا تھا جس میں صرف جاوید ہاشمی نے اختلاف کیا تھا، جاوید ہاشمی نے کسی کے اشارے پر پارلیمنٹ ہاؤس جانے کے فیصلےکا الزام لگایا، جاوید ہاشمی اور میرے راستے آج سے الگ ہوگئے ہیں۔ اسلام آباد میں کارکنوں سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ قوم جانتی ہے ہمیں صرف ایک اشارہ چاہیے وہ قوم کا اشارہ ہے، اگر میرے پیچھے فوج ہوتی تو میں 17 دن پر امن نہ بیتھا ہوتا پہلے دن ہی ہلا بول دیتا۔ انہوں نے آج کے دن کو فیصلہ کن قرار دیا۔ عمران خان نے کہا کہ جن تین ارکان اسمبلی نے استعفی دینے سے انکار کیا تھا ان سب کو پارٹی سے خارج کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں کارکنوں سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ قوم جانتی ہے ہمیں صرف ایک اشارہ چاہیے وہ قوم کا اشارہ ہے، اگر میرے پیچھے فوج ہوتی تو میں 17 دن پر امن نہ بیتھا ہوتا پہلے دن ہی ہلا بول دیتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ زخمیوں اور ہلاکتوں کا مقدمہ نواز شریف، چوہدری نثار، آئی جی اسلام آباد خالد خٹک اور سعد رفیق کے خلاف درج کرائیں گے، حکومت نے کل بربریت کا مظاہرہ کیا۔ عمران خان نے کہا کہ ایک ڈکٹیٹر نے جمہوریت کی چادر اوڑھی تھی اس کی اصلیت نظر آگئی ہے، جب تک یہ استعفی نے دیتے ہم یہاں سے نہیں جائیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ملک بھر کے عوام اس ظالم حکمرانوں کے خلاف باہر نکلیں۔
13 گھنٹے پہلے

فوج، قادری اور عمران کے کندھوں پر نہیں کھیلے گی،اعتزاز احسن


پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ فوج ، طاہرالقادری اور عمران خان کے کندھوں پر نہیں کھیلے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ نواز شریف کا استعفیٰ دینا چاہیے نہ ہی پارلیمنٹ کو تحلیل ہونا چاہیے۔ وزیراعظم کو صرف گرفتار کرکے ہی ہٹایا جا سکتا ہے۔
13 گھنٹے پہلے

بعض لوگ مارشل لا کو دعوت دے رہے ہیں،امیر جماعت اسلامی


امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ بعض لوگ مارشل لا کو دعوت دے رہے ہیں، آئین پامال کیا گیا تو صوبوں کو اکٹھا کرنا ناممکن ہو جائے گا۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ دھرنے میں شریک خواتین اور بچوں کی حفاظت یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ جاوید ہاشمی کے بیان پر انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی کا بیان تحریک انصاف کا اندورنی معاملہ ہے، مسائل کا حل آئین اور جمہوریت کو قائم کرنے میں ہے۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ کور کمانڈرز اجلاس سے تشویش نہیں بڑھنی نہیں چاہیئے، سیاستدانوں کے ہاتھ میں کچھ لمحے ہیں، جنہیں ضائع نہیں کرنا چاہیئے۔
13 گھنٹے پہلے

حکومت نے اپنا مینڈیٹ متنازع بنا دیا، ایم کیو ایم


متحدہ قومی موونٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ حکومت نے ایکشن کرکے جائز مینڈیٹ کو متنازع بنا دیا۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین اب بھی جمہوری اور آئینی حل کی بات کر رہے ہیں لیکن آگے کیا ہو گا سب سے بڑا سوال ہے۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے اثرات پورے ملک پر پڑ رہے ہیں، دارالحکومت مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ ملکی معیشت کو ایک ہزار ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے، ملک میں معاشی بریک ڈاؤن کا آغاز ہو گیا ہے۔ کراچی میں احتجاج پر ان کا کہنا تھا کہ سانحہ اسلام آباد پر آج پُرامن یوم سوگ منایا گیا، ایم کیو ایم کا اس ساری صور تحال سے لاتعلق رہنا ممکن نہیں۔
13 گھنٹے پہلے

منگل کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ


وزیر اعظم کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں منگل کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ وزیر اعظم اس اجلاس سے خطاب کریں گے۔ وزیراعظم نوازشریف کی صدارت میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ختم ہو گیا ہے۔ نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں قومی معاملات پر اہم فیصلے کیے گئے جبکہ وفقی وزیر داخلہ چوہدری نچار علی خان نے وفاقی دارالحکومت کی سیکیورٹی پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں پارلیمنٹ ہاؤس پر حملے کی شدید مذمت کی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر اطلاعات پرویز رشید سمیت دیگر شریک تھے۔
13 گھنٹے پہلے

طاہر القادری کا 13 افراد کی ہلاکت کا دعویٰ


پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ پہلے بات صرف استعفوں اور ایف آئی آر درج ہونے تک تھی مگر اب بات صرف استعفے پر ختم نہیں ہوگی۔ انہوں نے اسپتال کے ڈاکٹر کے حوالے سے دعوی کیا کہ کل سے اب تک 13 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسلام آباد کارکنوں سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ساری دنیا میں پرامن احتجاج ہوتے ہیں، کہیں شیلنگ نہیں ہوتی۔ طاہر القادری نے کہا کہ شریف برادران اور پوری کابینہ پر اقدام قتل کا پرچہ کٹے گا، ملک سے درندگی کا خاتمہ کریں گے۔