|

وقتِ اشاعت :   September 4 – 2014

اہم ترین

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس تیسرے دن بھی جاری

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے تیسرے دن کی کارروائی کا آغاز ہوچکا ہے جس میں اراکین اپنے خیالات کا اظہار کررہے ہیں۔ اس بارے میں مزید

انقلاب طبقہ اشرافیہ کو دائیں بائیں کھڑاکرنے سے نہیں آتا،احسن اقبال

احسن اقبال نے کہا سیاسی ایجنڈے کے لیے لوگوں کو مذہبی طور پر بلیک میل کیاجارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ قادری اورعمران منتیں کرکے لوگوں کو دھرنےمیں بلارہے ہیں۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دھرنے میں اردو اور انگلش میڈیم انقلاب کی تقسیم ہے، اردو میڈیم انقلاب میں لاشوں، قبروں اور کفن کی بات ہوتی ہے ، جبکہ انگلش میڈیم انقلاب میں امن اور استحکام کی بات ہوتی ہے،جو ایک کھلا تضاد ہے۔ انھوں نے کہا کہ دھرنوں نے 14 ماہ کی محنت پر پانی پھیر دیا، لیکن سیاسی جماعتوں کا اتحاد دھرنے والوں کے خلاف دیوارچین بن گیا۔

یوم آزادی کو ملک کو تقسیم کرنے کا دن بنا دیا گیا، احسن اقبال

احسن اقبال نے سوال کیا کہ میں سمجھنے سےقاصرہوں کہ قادری اورعمران نے14اگست کاانتخاب کیوں کیا؟ ان کا کہنا تھا کہ یوم آزادی پر تو قومیں پرچم تھام کریکجہتی کا مظاہرہ کرتی ہیں، لیکن دونوں رہنماؤں نےایٹمی طاقت کی حامل مملکت کی جگ ہنسائی کرائی۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ گزشتہ دو ہفتوں میں جتنی دشمنی ان لوگوں نے کی، اتنی دشمنی ہمارا بدترین دشمن بھی نہیں کرسکتا تھا۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے پارلیمنٹ کے باہر اپنا اتحاد بناکر پارلیمنٹ کے اندر موجود لوگوں کو ایک سیسہ پلائی دیوار میں تبدیل کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عام پاکستانیوں نے دھرنوں کی سیاست مسترد کردی ہےاور پاکستانی عوام کا مستقبل سیاسی استحکام میں ہے۔

ملک میں کنٹینر انقلاب لایاجارہا ہے،وفاقی وزیر احسن اقبال

وفاقی وزیر احسن اقبال نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دو کنٹینر بند لیڈروں نے پورے ملک کو یرغمال بنایا ہوا ہے اور دونوں جب چاہتے ہیں کسی کی بھی پگڑی اچھال دیتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آج پاکستان کی جمہوریت جس بحران کا سامنا کر رہی وہ ماضی کے بحرانوں سے زیادہ گھناؤنا نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے کسی گروہ کو پارلیمنٹ پر حملہ کرنے کی جرات نہیں ہوئی تھی۔ انھوں نے ڈاکٹر طاہر القادری جکی جانب سے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی شرمناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے باہرخیمہ بستی لگ چکی ہے اور ہماری پارلیمنٹ کو دھوبی گھاٹ بنا دیا گیا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ پارلمینٹ پر حملہ کر کے انھوں نے پاکستان کی جمہوریت کو لیبیا، یوکرین اور صومالیہ کی جمہوریت کے مقابل لا کر کھڑا کردیا ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ پرحملہ کرنے والوں سےنمٹنے کے لیے خصوصی کمیٹی بنائی جائے۔

آج عوام پارلیمنٹ سے لاتعلق ہیں، رضا ربانی

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے ک آج عوام پارلیمنٹ سے لاتعلق ہے اور جب اشتعال دلایا جاتا ہے اس وقت ہی حملے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پارلیمنٹ فعال ہوتی تو آج عوام خود اس تحفظ کرنے کے لیے کھڑے ہوتے۔

‘قیادت پر انگلی اٹھانے والوں سے نمٹنا جانتے ہیں’

ان کا کہنا تھا کہ ہم قیادت پر انگلی اٹھانے والوں سے نمٹنا جانتے ہیں، لیکن اس وقت مذاکرات جاری ہیں ہم ماحول کو خراب کرنا نہیں چاہتے۔سینیٹر رضا ربانی نے پارلیمنٹ میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کل ذوالفقار علی بھٹو پر انگلی اٹھائی گئی جس نے جمہوریت کی بناد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ غصہ اگر شاہ محمود قریشی پر تھا تو خورشید شاہ پر کیوں نکالا گیا۔

ہم نے کبھی سسٹم کو ڈی ریل نہیں کیا، رضا ربانی

ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقادر علی بھٹو کو پھانسی دی گئی ہم سسٹم میں رہے، اور جب محترمہ بے نظیر بھٹو کو قتل کیا گیا تو ہم نے کہا کہ ‘پاکستان کھپے’پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹر رضاربانی نے کہا کہ ماضی میں پیپلز پارٹی کے دور میں مشکل سے مشکل دور آیا، لیکن ہم نے کبھی سسٹم کو ڈی ریل نہیں کیا۔ ان کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن قابلِ مذمت ہے، لیکن اس میں کہا جارہا ہے کہ سسٹم کو ڈی ریل کردو۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب کا راستہ ڈی چوک پر نظر نہیں آتا ہے۔ اگر 58 ٹو بی ہوتا تو اسمبلیاں کب کی ختم ہوچکی ہوتیں۔ رضا ربانی نے کہا کہ لوگ انقلاب کی بات کررہے ہیں، یہ کون سا انقلاب لانا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مزدوروں اور کیسانوں کے بغیر کون سا انقلاب ہوتا ہے۔؟ انہوں نے بھی کہا کہ کل توپوں کا رخ پی پی پی پر کیا۔

‘سازشوں کا مقابلہ صرف متحد پارلیمنٹ کرسکتی ہے’

پی پی پی رہنما رضا ربانی نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام سازشوں کا مقابلہ صرف متحد پارلیمنٹ کرسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے وزیراعظم سمجھوتا نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی خودمتکاری واپس لینے کی کوشش کی گئی تو تین صوبوں پر متحمل نہیں ہوں گے۔ ہمیں اس بات کو سمجھنا چاہیے کہ آئین خود اپنا دفاع کرتا ہے کہ اور 18 ویں ترمیم کے بعد سے ان مخلاف قوتوں کے لیے اسیا کرنا ممکن نہیں ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آمریت قبول نہیں ہے، خواہ وہ کسی بھی صورت ہو۔

یہ پارلیمنٹ پر پہلا اور آخری حملہ نہیں

ان کا کہنا تھا کہ یہ جنگ اقتدار کی جنگ ہے اورجب تک کوئی اقدامات نہیں کیے جائیں گے اس طرح کی سازشیں جنم لیتی رہیں گے۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سنیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ ہمیں ابھی جزوی کامیابی ملی ہے، لیکن ابھی جنگ جاری ہے اور پارلیمنٹ پر یہ کوئی پہلا اور آخری حملہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان تمام سازشوں کا مقابلہ صرف اور صرف ایک متحد پارلیمنٹ کرسکتی ہے۔

پارٹیاں بدلنے والے باغی نہیں ہوتے، حاجی عدیل

اسپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے حاجی عدیل نے کہا کہ باغیوں کی بات کی جاتی ہے، لیکن ہماری تاریخ تو باغیوں سے بھری پڑی ہے۔ انھوں نے سوال کیا کہ کیا بلے شاہ باغی نہیں تھے؟ کیا خوشحال خان خٹک مغلوں کے خلاف باغی نہیں تھے؟ انھوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایئر کنڈیشنڈ کنٹینر میں رہ کراور پھر چند گھنٹوں کے لیے گھر جاکر اپنے آپ کونظام کے خلاف باغی کہنا غلط ہے۔ حاجی عدیل نے کہا کہ پارٹیاں بدلنے سے کوئی باغی نہیں کہلاتا، اصل بغاوت پارٹی میں رہ کر ہوتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ انقلاب بلٹ پروف گاڑیوں اور کنٹینرمیں بیٹھ کر نہیں آتا۔ حاجی عدیل نے کہا کہ اس ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے ۔

عمران خان طالبان خان کا کردار ادا کررہے ہیں،حاجی عدیل

سینیٹر حاجی عدیل نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے آزادی مارچ اور دھرنے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کےدوران صرف طالبان خان ہی ایساکام کرسکتےہیں۔ انھوں نے عوامی تحریک پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ طاہرالقادری30 ہزارگرفتارافراد کے نام و پتے بتائیں، ہم رہا کرادیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں خاندان حکومت کر رہے ہیں۔ نئی نسل موروثی سیاست کو پسند نہیں کرتی اور ہمیں نظام اور رویوں کو تبدیل کرنا پڑے گا۔ حاجی عدیل کا کہنا تھا کہ دھرنےوالوں کووزیراعظم کےاستعفےکو انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہیے۔

ہم چور دروازوں سے پارلیمنٹ اور لاجز آتے ہیں، حاجی عدیل

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اے این پی کے رہنماحاجی عدیل کا کہنا تھا کہ ہم چور دروازوں سے پارلیمنٹ آتے ہیں اور چور دروازوں سے ہی واپس جاتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مجھے اس موقع پر بہادر شاہ ظفر یاد آگئے، جن کی حکومت صرف محل میں تھی اور باہر کمپنی کی حکومت تھی۔ یہ کیسی حکومت ہے کہ باہر دہشت گرد کھڑے ہیں اور لوگوں اور گاڑیوں کو وہ چیک کر رہے ہیں۔ حاجی عدیل کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک آزاد ملک ہے اور اس کی پارلیمنٹ بھی آزاد ہے، لیکن سپریم کورٹ کے احکامات پرعمل نہیں ہورہا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو بتادیا کہ صرف جمہوریت کی خاطر آپ کے ساتھ ہیں،لیکن کیا ہم حکومت کوہاتھ پکڑ کرچلائیں؟

جمہوریت ہی پاکستان کا مستقبل ہے، مشاہد حسین

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سینٹر مشاہد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ موجودہ سیاسی حل نکالا جائے گا۔ انہوں نےکہا کہ پاکستان کے مسائل کوئی فرد یا ادارہ تنہا ہو کر حل نہیں کرسکتاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایس آئی ایس کا اب دوسرا ہدف پاکستان اور افغانستان ہے۔ انھوں نے حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اس بات کی ضرورت ہے کہ بادشاہت کے مغل مائنڈ سیٹ کے بجائے نیلسن منڈیلا کا مائنڈ سیٹ اپنایا جائے۔ مشاہد حسین کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی تقرری وزیراعظم کا ایک بہت اچھا فیصلہ تھا۔
2014-09-04 11:57:412014-09-04 12:16:36

‘طالبان سے مذاکرات ہوسکتے ہیں تو دھرنے والوں سے کیوں نہیں’

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے مسلم لیگ ق کے رہنما مشاہد حسین نے کہا ہے کہ مشترکہ اجلاس کے اچھے نتائج سامنے آرہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب طالبان کے ساتھ مذاکرات کیے جاسکتے ہیں تو دھرنے کے والوں سے کیوں مذاکرات نہیں کیے جاسکتے۔ ان کا کہنا تھا اچھی بات ہے کہ موجودہ بحران کے فیصلے پارلیمنٹ میں کیے جارہے ہیں۔ ایوان میں تقریر کرتے ہوئے انہوں نے اپیل کی ہے کہ تحریکِ انصاف کے استعفے منظور نہ کیے جائیں۔

انقلاب تلواروں اور بندوقوں سے نہیں آیا کرتا،پروفیسر ساجد میر

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پروفیسر ساجدمیر نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے استعفیٰ اور اسمبلیوں کو تحلیل کرنے کا مطالبہ درست نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہماری تمام تر توجہ شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کی طرف ہونی چاہیے۔ انھوں نے تحریک انصاف اور عوامی تحریک پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دھرنےوالے نیم سیاسی طالبان ہیں اور باہر بیٹھے دونوں رہنماؤں کا تکبر بالکل واضح ہے۔ ساجد میر کا یہ بھی کہنا تھا کہ دھرنوں میں اسلامی اقدار کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں اورمظاہرین کےمطالبے منظور ہونےسے غلط روایت پڑےگی ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جس طرح طالبان کے ساتھ سختی ہوئی اسی طرح ان کےساتھ بھی رویہ اپنایاجائے۔ ساجد میر نے کہا کہ دھرنوں سے غیرجمہوری قوتوں کے طاقتور ہونےکاخدشہ ہے۔
2014-09-04 11:57:31

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس شروع

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے تیسرے سیشن کا آغاز ہو چکا ہے۔
2014-09-04 10:52:11

وزیراعظم کی مذاکراتی جرگے سے ملاقات

وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے جماعتِ اسلامی کے امیر سراج الحق کی قیادت میں مذاکراتی جرگے سے ملاقات ہوئی ہے جس میں موجودہ بحران کو حل کرنے کے آپشنز پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ ملاقات میں سابق وزیر داخلہ رحمان، لیاقت بلوچ، کلثوم پروین اور غازی گلاب جمال نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم میاں نواز شریف نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ بحران کا سیاسی انداز میں پُرامن حل چاہتے ہیں۔ ملاقات کے دوران جرگے نے پی اے ٹی اور تحریکِ انصاف سے ہونے والے مذاکرات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
2014-09-04 01:00:06

بجلی کے بل اگر ادا کردیے تو دو ماہ کے بعد بجلی اور مہنگی ہوگی، عمران خان

عمران خان نے کہا کہ بجلی کے بل اگر ادا کردیے تو دو ماہ کے بعد بجلی اور مہنگی کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آزادی تحریک میں اب دیکھتےجائیں لوگ کیسےبڑھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں بھی وزیراعظم اگرجھوٹ بولےتووہ نہیں بچ سکتاجبکہ حکمران 80 ارب یر ملکی دوروں پر خرچ کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں سب سے بڑے سرمایہ کار شریف برادران ہیں۔
2014-09-04 00:53:32

پاکستانیوں سے زیادہ مغرب میں جانوروں کے حقوق ہیں، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانیوں سے زیادہ مغرب میں جانوروں کے حقوق ہوتے ہیں۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم ظالم کامقابلہ کرنے اورحقوق کی جنگ کے لیے نکلےہیں۔ عمران خان نے کہا کہ جتنی زیادہ جمہوریت اتنےزیادہ حقوق ہوتے ہیں جبکہ جوانسان آزاد ہوتے ہیں وہ آگے بڑھتےہیں۔
2014-09-04 00:49:03

عوامی تحریک کے سیاسی جرگے اور حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات ختم

پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ سیاسی جرگے اور حکومت کے مذاکرات ختم ہوگئے ہیں۔ مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک کا کہنا تھا کہ تمام فریقین مکمل تعاون کررہے ہیں جبکہ ڈیڈ لاک ختم ہونا بڑی خوشخبری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر ایک بڑا پریشر ہے کہ چین کے صدر آرہے ہیں۔ اس موقع پر احسان اقبال کا کہنا تھا کہ جب کسی نتیجے پر پہنچیں گے تو اکٹھے بتادیں گے، قیاس آرائی بات چیت کے عمل کو متاثر کرسکتی ہے۔ انہوں کہا کہ عوامی تحریک سے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق ہوگیا۔
2014-09-04 00:29:59

حکومتی کمیٹی کیساتھ مذاکرات میں واضح پیشرفت نہیں ہوسکی، اسد عمر

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور حکومت کے ساتھ مذاکرات کرنے والی پی ٹی آئی کمیٹی کا حصہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ آج ہونے والے حکومتی کمیٹی کے ساتھ مذاکرات میں واضح پیشرفت نہیں ہوسکی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے کل ہونےوالے مذاکرات میں مثبت نتائج کاامکان ہے
2014-09-04 00:29:53

حکومتی ٹیم کے تحریک انصاف کی ٹیم سے مذاکرات شروع

حکومتی مذاکراتی ٹیم کے پاکستان تحریک انصاف کی تیم کے ساتھ مذاکرات شروع ہوگئے ہیں۔ حکومت اور تحریک انصاف کے مذاکرات جہانگیر ترین کی رہائشگاہ پر ہورہے ہیں۔ خیال رہے کہ شاہ محمود قریشی کی قومی اسمبلی میں تقریر کے بعد ان مذاکرات کے دوران کسی پیشرفت کی امید کی جارہی ہے۔
2014-09-04 00:29:44

نواز شریف نے 11 مئی کو جمہوریت ڈی ریل کی، عمران خان

عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے 11 مئی کو جمہوریت ڈی ریل کی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے فوج کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ میں نے چار حلقوں کی بات کی تھی کیوں کہ میں جانتا تھا کہ اگر یہ حلقے کھل گئے تو سب کچھ کھل جائے گا۔
2014-09-04 00:29:39

نواز شریف نے کرپشن کیس پر گیلانی سے استعفے کا مطالبہ کیا تھا، عمران خان

عمران خان نے شرکا سے خطاب میں کہا کہ نوازشریف نے کرپشن کیس پر گیلانی سے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں نوازشریف نے اپنے لیے الگ اور عوام کیلیے الگ قانون بنالیا ہے۔ ان کے مطابق خودغرض اور بزدل ظلم کیخلاف کھڑےنہیں ہوتے جبکہ ٹی ٹوئنٹی میچ نہیں، لمبا چلنے والا مقابلہ ہے۔
2014-09-04 00:29:34

موجودہ نظام سےایک خاص طبقہ فائدہ اٹھارہاہے،عمران خان

عمران خان نے کہا کہ موجودہ نظام سے ایک خاص طبقہ فائدہ اٹھارہا ہے جبکہ لٹیروں کو پتہ ہے کہ نئے پاکستان میں وہ جیل چلےجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حق نہ ملنے پر وہ سڑکوں پر آئے، یہ کون سا غیر جمہوری کام ہے؟ عمران خان نے کہا کہ پارلیمنٹ میں زہر اگلنے والے دو نمبر سیاست دان ہیں جبکہ اسمبلی کے ممبران کے چہروں پر خوف تھا۔
2014-09-04 00:29:26

پانچ سو افراد کروڑوں پاکستانیوں کا خون چوس رہے ہیں، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 500 افراد کروڑوں پاکستانیوں کا خون چوس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 21 سال انہوں نے گراؤنڈ پر مقابلہ کیا لیکن مقابلے کا جیسا مزہ اب آرہا ہے پہلے نہیں ملا۔

ستر فیصد کام ہوچکا ہے، رحمان ملک

پاکستان تحریک انصاف کے سیاسی جرگے کے ساتھ مذاکرات ختم ہوگئے جس کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عندیہ دیا ہے کہ ’70 فیصد’ کام ہوچکا ہے، باقی معاملات ۤگے لیکر چل رہے ہیں۔ ؎ مذاکرات کے دوران قرار پایا کہ رات 8 بجے حکومتی ٹیم اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات ہوں گے۔ رحمان ملک نے حکومتی ٹیم سے درخواست کی کہ وہ اپنے رویے میں لچک کا مظاہرہ کریں جبکہ انہوں نے مذاکرات کی کامیابی کے لیے امید کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سراج الحق نے کہا کہ حکومت سے کہوں گا اپنا رویہ مثبت کرے اورسخت الفاظ استعمال نہ کرے جبکہ مکمل بحران سے نکلنے کے لیے کچھ وقت اور لگے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کامیابی یقینی ہے، مایوسی کا اندھیرا نہیں امید کی شمع روشن ہے تاہم وزراء کے تلخ بیانات سے مشکلات پیدا ہورہی ہیں۔