|

وقتِ اشاعت :   September 5 – 2014

اسلام آباد: اسلام آباد میں سیکیورٹی کی صورتحال کے پیش نظر چینی صدر شی جن پنگ کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کی باہمی مشاورت سے منسوخ کردیا گیا ہے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امورکو بریفنگ دیتے ہوئے چینی صدر کے دورے کی منسوخی کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی صدر کا دورہ پاکستان باہمی مشاورت سےمنسوخ کیاگیا اور یہ بہت افسوسناک ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ چینی حکام نے چینی صدر کے دورے کی تاریخوں کا تعین دوبارہ کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ سرتاج عزیز نے قائمہ کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا کہ چین کے صدر کا دورہ پاکستان گزشتہ روز تک منسوخ نہیں ہوا تھا،تاہم آج دونوں حکومتوں نے باہمی مشاورت سے طے کیا کہ دورہ منسوخ کردیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ دورے کی منسوخی کی وجہ اسلام آباد کی سیکورٹی صورتحال ہے،چینی وزارت خارجہ کا اصرار تھا کہ ایسے حالات میں دورہ نہیں ہوسکتا۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ حکومت پاکستان کی کوشش تھی کہ دورہ برقرار رہے اور ملاقاتیں لاہور میں رکھی جائیں۔ صدر پاکستان کے قریبی ذرائع نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ 15 ستمبر کو چینی صدر کے ٹہرنے کے لیے اسٹیٹ بینکویٹ کی بکنگ بھی منسوخ کردی ہے۔ چین کے صدر اب ہندوستان اور سری لنکا کا دورہ کریں گے۔