|

وقتِ اشاعت :   September 11 – 2014

اسلام آباد: مون سون بارشوں کے نتیجے میں سیلاب سے کم از کم 256 افراد ہلاک اور دس لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ایک اعلٰی اہلکار نے بدھ کو خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ سیلاب سے صوبے پنجاب میں کم از کم 1,091,807 افراد متاثر ہوئے ہیں، اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی تعداد 31,800 ہے۔ حکام کے مطابق متاثرہ لوگوں میں اپنے گھروں یا اپنے علاقوں میں پھنسے ہوئے افراد اور وہ لوگ جو سیلابی ریلے کے بعد اپنے گھر بار چھوڑ گئے ہیں شامل ہیں۔ حکام نے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔ اتھارٹی کی ویب سائٹ پر کشمیر سے شروع ہونے والے اور اب پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی تعداد کے بارے میں تصدیق کی گئی ہے۔ سیلابی ریلے میں سینکڑوں مکانات منہدم ہو گئے اور سڑکیں تباہ ہو گئی ہیں، اور کئی ایکڑ رقبے پر مشتمل کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی موجودہ سیلاب نے دو ہزار دس کے سیلاب کی یاد تازہ کر دی جو ملک کی تاریخ کا بدترین سیلاب تھا جس میں 1,700 سے زائد افراد ہلاک اور 18 ملین متاثر ہوئے تھے۔
جنگ کو بچانے کیلئے بند میں شکاف
لاہور: حکام نے مون سون بارشوں کے نتیجے میں سیلاب سے متاثرہ صوبہ پنجاب کے شہر جھنگ کو بچانے کے لیے بند کے ایک حصے کو دھماکے سے اڑادیا۔ صوبائی ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ایک افسر نے بدھ کے روز اے ایف پی کو بتایا کہ جھنگ کو سیلابی ریلے محفوظ رکھنے کے لیے حکام نے جان بوجھ کر ایک بند میں شگاف کردیا جس سے پانی دیگر مقامات منتقل ہونا شروع ہوجائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ جھنگ کے شہریوں کو بچانے کے لیے اس کے سوا اور کوئی چارہ نہیں تھا۔ انیس سو اٹھانویں کی مردم شماری کے مطابق اس شہر کی آبادی تقریباً چار لاکھ ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے آج پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران اس شگاف کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ بدھ کے روز کسی وقت تریموں بند سے سات لاکھ پچاس ہزارکیوسک پانی گزرے گا جب کہ اس کی حد چھ لاکھ 45 ہزار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے بند میں شگاف کیا گیا ہے تاہم اس کے باوجود بڑا علاقہ زیر آب آئے گا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ سیلابی ریلا گڈو بیراج، سکھر بیراج اور کوٹری سے گزرے گا جس کے باعث سندھ میں سیلابی کیفیت ہوگی تاہم کسی بیراج کو کوئی خطرہ نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گلگت – بلتستان میں سیلاب کے باعث ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ سے گیارہ افراد ہلاک جبکہ 22 زخمی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں سیلاب کے باعث 66 افراد ہلاک جبکہ 109 زخمی ہوئے۔ رہائشی محمد ذوالفقار نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ شہر میں ہر جگہ پانی دیکھا جاسکتا ہے جبکہ کئی دیہات میں پانی کی سطح آٹھ فٹ تک پہنچ گئی ہے۔ ایک سینئر ریسکیو اہلکار نے بتایا کہ تقریبا 100 کشتیاں لوگوں کو ریسکیو کرنے میں مصروف ہیں جبکہ اب تک چار ہزار سے زائد افراد کو بچایا جاچکا ہے۔ ایک اعلامیے کے مطابق فوج بھی ریسکیو سرگرمیوں میں مصروف ہے۔ اس وقت جھنگ شہر میں فوج کے 7 ہیلی کاپٹر اور 90 کشتیاں لوگوں کو بچانے میں مصروف ہیں جبکہ قریبی ضلع چینیوٹ سے 2500 افراد کو بچایا جاچکا ہے۔