بیروت: شدت پسند گروپ داعش نےگزشتہ سال شام میں اغوا ء ہونے والے برطانیہ کے امدادی رضاکار ڈیوڈ ہینز کا سر تن سے جدا کرنے پر مبنی ایک وڈیو جاری کی ہے۔
برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے ہفتہ کو رات گئے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اسے ‘خالصتاً شیطانی عمل’ قرار دیا۔
ہینز تیسرے ایسے مغربی شہری ہیں جنہیں حالیہ ہفتوں میں شام اور عراق کے وسیع و عریض علاقوں پر قابض داعش نے قتل کیا۔
کیمرون کا کہنا تھا کہ ان کی ہمدردیاں ڈیوڈ ہینز کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، جنہوں نے اس سارے تکلیف دہ اور مشکل عرصے میں غیر معمولی حوصلہ دکھایا۔
کیمرون نے عہد کیا کہ وہ قاتلوں کو پکڑنے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کے لیے اپنی پوری قوت استعمال کریں گے۔
داعش کی یہ وڈیو ایک ایسے وقت میں سامنے آئی جب ہینز کے اہل خانہ نے جمعہ کو رات گئے ایک جاری بیان میں داعش کو رابطہ کرنے کو کہا تھا۔
امریکا نے اگست میں شمالی عراق میں کمزور ہوتی عراقی اور کرد سیکورٹی فورسز کو مدد دینے کے لئے فضائی حملے اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کام شروع کیا تھا۔
امریکی حملوں کے بعد داعش نے حال ہی میں دو امریکی صحافیوں جیمز فولے اور سٹیون سٹلوف کے سر قلم کرنے کی دو الگ الگ وڈیوز جاری کی تھیں۔
سٹلوف کا سر قلم کرتے ہوئے داعش نے ہینز کو قتل کرنے کی دھمکی دی تھی۔
داعش کرد اور لبنانی سپاہیوں کے سر قلم کرنے اور درجنوں شامی فوجیوں کے قتل عام کی وڈیوز بھی جاری کر چکی ہے۔
امریکی صدر بارک اوباما نے ہینز کے قتل کے بعد سخت مذمتی بیان جاری کیا۔
‘امریکا اس دکھ کی گھڑی میں اپنے قریبی ساتھی اور اتحادی کے ساتھ کندھا سے کندھا ملا کر کھڑا ہے۔ ہم برطانیہ اور دوسری اتحادی قوموں کے ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ مجرموں کو انصاف کے کٹھرے میں لایا جا سکے’۔
ہینز کا سر قلم کرنے کی اس وڈیو میں داعش نے ایک اور برطانوی مغوی کو قتل کرنے کی دھمکی دی۔
‘امریکا کے اتحادیوں کے نام ایک پیغام’ نامی یہ وڈیو داعش سے جڑے صارفین نے انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کی۔
وڈیو میں چھری سے مسلح قاتل نے برطانوی حکومت سے کہا کہ امریکا کے ساتھ اتحاد کی وجہ سے اس کی تباہی میں تیزی آئی گی۔
وڈیو میں ہینز نے وزیر اعظم کیمرون کو اپنے قتل کا ذمہ دار ٹھرایا کیونکہ ‘برطانیہ رضاکرانہ طور پر داعش کے خلاف امریکی اتحاد کا حصہ بنا تھا’۔
داعش نے برطانوی مغوی کا سر قلم کر دیا
وقتِ اشاعت : September 14 – 2014