اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے این اے 122 میں انتخابی عمل کے جائزے کی درخواست منظور کر لی ہے۔
لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 سے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے عمران خان کو شکست دی تھی۔
یاد رہے کہ عمران خان اور سابق ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن افضل خان نے 2013 کے عام انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کے الزامات عائد کیے تھے۔
عمران خان نے ایاز صادق کی کامیابی کو چیلنج کرتے ہوئے الیکشن کمیشن میں انتخابی عمل کے جائزے کی درخواست دائر کی تھی۔
مزید پڑھیں: عمران کا سپیکر قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ
الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا جس میں عمران خان اور افضل خان کے الزامات سمیت خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے انقعاد اور حلقہ بندیوں سے متعلق قانون میں تبدیلیوں کا جائزہ لیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی سربراہ عمران خان کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان بیلٹ پیپر اور کاؤنٹر فائل کا معائنہ کر سکتے ہیں۔
گزشتہ سال کے عام انتخابات کے دوران ریٹرننگ افسران کی تعیناتیوں کے حوالے سے ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ صرف سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کا نہیں تھا بلکہ اس حوالے سے فیصلہ جوڈیشل کمیشن نے کیا تھا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حلقہ بندیوں کے حوالے سے آئین میں ترمیم اور مردم شماری کی ضرورت ہے اور الیکشن کمیشن مجوزہ قانون پر اپنی رائے تحریری طور پر دے گا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ خیبرپختون خوا میں بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر آئندہ ہفتے اجلاس بلایا جائے گا۔