|

وقتِ اشاعت :   September 20 – 2014

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں فائرنگ اور پُرتشدد واقعات کے نتیجے میں گیارہ افراد ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے۔ واضح رہے کہ کراچی میں دہشت گردوں، بھتہ خوروں، جرائم پیشہ عناصر اور ٹارگٹ کلز کے خلاف رینجرز اور پولیس کا ایک مشترکہ آپریشن جاری ہے، لیکن اس کے باوجود شہر قائد میں پُرتشدد واقعات اور فائرنگ کا سلسلہ رک نہیں سکا۔ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن مومن آباد میں سی آئی ڈی پولیس سے مبینہ مقابلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔ فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ سی ویو کے قریب دو دریا پر پولیس پارٹی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں گینگ وار کا علاقائی کمانڈر مخدوم عرف ڈان مارا گیا۔ کراچی کے علاقے ماڑی پور ٹرک اڈا میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاوید نامی شخص ہلاک اور محمد بوٹا زخمی ہوگیا۔ اسی علاقے میں جمعے کو تین افراد کی لاشیں ملیں۔ مقتولین کو ادریس ایوب، وقار عزیز اور فیروز کے نام سے شناخت کرلیا گیا۔ ایس ایس پی سٹی پولیس شیراز نذیرکے مطابق تینوں افراد لیاری کے رہائشی تھے، جنہیں اغواء کے بعد قتل کیا گیا۔ نارتھ کراچی قلندریہ چوک کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے ایک مزار کے متولی جان محمد عرف خان بابا کی گاڑی پرفائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں خان بابا کا گارڈ بشیر احمد ہلاک جبکہ منظور زخمی ہو گیا۔ ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق نارتھ ناظم آباد، اورنگی، کورنگی اور ابراہیم حیدری میں بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک ایک شخص ہلاک ہوا۔