|

وقتِ اشاعت :   September 25 – 2014

اسلام آباد: اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل سیاسی جرگے کا کہنا ہے کہ پوری قوم مسئلے کا حل چاہتی ہے اور ہم مسئلے کے سیاسی حل کے لئے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ قوم کا بچہ بچہ دھرنوں کی وجہ سے پریشان ہے، ہر آدمی ہم سے پوچھتا ہے کہ بحران کب ختم ہو گا، پوری قوم مسئلے کا سیاسی اور پر امن حل چاہتی ہے اور اس سلسلے میں ہم بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جرگے کا کام کسی جماعت کی حمایت یا مخالفت کرنا نہیں ہے بلکہ ہم 18 کروڑ عوام کی نمائندگی کر رہے ہیں اور ہمارا کام فریقین کے درمیان پیدا ہونے والے ڈیڈ لاک کو ختم کرانا ہے، سیاسی جرگے نے فریقین کو 16 بار مذاکرات کی میز پر بٹیایا۔ سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کا مسئلہ صرف اسلام آباد ہی نہیں ہے بلکہ سیلاب متاثرین اور آئی ڈی پیز بھی اس قوم کا بڑا مسئلہ ہیں، عوام اب پیدار ہو چکے ہیں، سیاسی رویہ تبدیل کرنا ہو گا۔ سینیٹر رحمان ملک کا کہنا تھا کہ سیاسی جرگہ مسئلے کے حل کے لئے دن رات کوششیں کر رہا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے تحریک انصاف کے ممبران قومی اسمبلی کے استعفوں پر بھی بات کریں گے۔ دوسری جانب سینیٹر حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ دھرنوں کی وجہ سے ملکی معیشت کو اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے، کسی بھی مسئلے کا حل مذاکرات کے بغیر نہیں نکل سکتا، جرگہ اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور امید کرتے ہیں کہ مذاکرات کامیاب ہوں گے۔