اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے لیے دائر کی گئی درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی ہے۔
29 ستمبر کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں ایک بینچ اس درخواست کی سماعت کرے گا۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ ق کے سابق وزیر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کے رکن اسحاق خاکوانی نے وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے لیے درخواست دائر کی تھی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے فوج کی ثالثی کے معاملے پر اسمبلی میں جھوٹ بولا تھا، لہٰذا وہ آئین کے آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ پر پورا نہیں اترتے۔
اس سے پہلے یہ درخواست رجسٹرار سپریم کورٹ نے اعتراضات لگا کر واپس کردی تھی۔
آج بروز جمعہ چیف جسٹس کے چیمبر میں مذکورہ درخواست کی سماعت ہوئی جس کے بعد چیف جسٹس نے درخواست پر اعتراضات دور کرنے کا حکم دیا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں بھی وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دینے کے لیے ایک درخواست دائرکی جا چکی ہے۔
مذکورہ درخواست پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انصاف لائرز فورم کے سینئر نائب صدر گوہر نواز سندھو کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔
اُس درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ وزیراعظم نواز شریف نے پاک فوج کے حوالے سے قومی اسمبلی میں ایک ایسا بیان دیا تھا، جس کی بعد میں پاک فوج کی جانب سے بھی تردید کردی گئی تھی۔
گوہر نواز سندھو کے مطابق اس جھوٹا بیان دینے کے بعد وزیراعظم نواز شریف آئین کے آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ پر پورا نہیں اُترتے، لہٰذا انہیں نااہل قرار دیا جائے۔
اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ کے لارجر بینچ نے انصاف لائرفورم کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کی درخواست مسترد کردی تھی۔