|

وقتِ اشاعت :   September 26 – 2014

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے اسلام آباد دھرنے کو 44 روز مکمل ہونے پر شرکاء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اب جاگ چکی ہے اور ہم کسی قسم کا ظلم برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا اسمبلیوں میں بدعنوان لوگ بیٹھے ہیں اور جو کچھ ایوانوں میں ہورہا ہے وہ جمہوریت نہیں ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم اقتدار میں آکر ظلم کا مکمل خاتمہ کریں گے۔ ڈی چوک پر شرکاء سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ پاکستانی قوم اب بیدار ہوگئی ہے۔ انہوں کہا کہ وزیراعظم جب اقوامِ متحدہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے تو وہاں بھی گو نواز گو کے نعرے لگیں گے، کیونکہ گو نواز گو کا مطلب ہے گو نظام گو۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ آج شام ہم کامیابی کا جشن منائیں گے اور شاہراہ دستور پر عوام کا سمندر ہوگا۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال ہونے والے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف عمران خان کی قیادت پر پی ٹی آئی کا لانگ مارچ چودہ اگست کو لاہور سے مارچ کرتا ہوا اسلام آباد پہنچا تھا جس نے گزشتہ ایک ماہ سے زائد عرصے سے ڈی چوک پر دھرنا دیا ہوا ہے۔ اس دوران حکومت اور پی ٹی آئی کے ساتھ متعدد بار مذاکرات ہوئے جو بے نتیجہ رہے۔ عمران خان کا اولین مطالبہ ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اپنے عہدے سے مستعفی ہوں، کیونکہ اس کے بغیر انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کی شفاف اور آزادانہ تفتیش نہیں ہوسکتی۔ دوسری جانب حکومت بھی اپنے مؤقف پر قائم ہے، جبکہ وزیراعظم نواز شریف پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اپنی حالیہ تقریر میں ایک بار پھر واضح کرچکے ہیں کہ وہ کسی صورت اقتدار سے الگ نہیں ہوں گے۔