|

وقتِ اشاعت :   November 17 – 2014

نئی دہلی: وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے آئندہ ہفتے کٹھمنڈو میں ہونے والے سارک کانفرنس کے موقع پر ہندوستان کی جانب سے فراہم کردہ بلٹ پروف گاڑی استعمال کرنے سے انکار کردیا ہے۔ نیپال کے وزارت خارجہ کے ترجمان کھاگا ناتھ ادھی کاری نے پیر کو بتایا کہ نواز شریف اپنی گاڑی ساتھ لے کر آئیں گے جبکہ دیگر ملکوں کے سربراہوں کو ہندوستان سے برآمد شدہ گاڑیاں فراہم کی جائیں گی۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس تاثر کی تردید کی کہ یہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان اآج کل جاری تناؤ کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں وہ ہندوستان کی بنی ہوئی گاڑی استعمال نہیں کرنا چاہتے، جب امریکی صدر اآئے تھے تو وہ بھی اپنی گاڑی ساتھ لائے، یہ کوئی مسئلے والی بات نہیں۔ ساؤتھ ایشین ایسوسی ایشن فار ریجنل کوآپریشن سمٹ میں افغانستان، بنگلہ دیش، بھوٹان، مالدیپ، سری لنکا، نیپال، ہندوستان اور پاکستان کے رہنما شرکت کریں گے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان متنازع سرحد لائن آف کنٹرول پر تعلقات انتہائی کشیدہ رہے تھے اور فائرنگ کے تبادلے میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ جوہری طاقت کے حامل دونوں ملک ایک دوسرے پر سیز فائر کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں جس کا آغاز چھ اکتوبر کو ہوا تھا اور تاحال جاری ہے۔