|

وقتِ اشاعت :   November 21 – 2014

ہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان یونیورسٹی میں بھی لیپ ٹاپ تقسیم کر نے کی تقریب میں گو نواز گو کے نعرے لگ گئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ تھے ۔ بلوچستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اقبال کا خطاب جاری تھا کہ تقریب میں موجود بلو چستان یونیورسٹی کے پولیٹیکل سائنس کے لیکچرار منان اٹھے اور وفاقی و صوبائی حکومت کے خلاف نعریلگائے۔ انہوں نے اسٹیج پر بیٹھے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالماک بلوچ اور دیگر شرکاء کو مخاطب کر کے کہا کہ جیسے نوازشریف سب کو دھوکہ دے رہے ہیں آپ بھی ایسا ہی کررہے ہیں۔ یہ کہنے کے بعد انہوں نے گو نواز گو کے نعرے لگائے اور تقریب چھوڑ کر چلے گئے۔ لیکچرار کے اس رویے کے خلاف تقریب میں شریک طلباء و طالبات نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا ۔ایک طالبہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، ان کے اقدامات صوبے میں تعلیم کے فروغ کا باعث بن رہے ہیں۔ تعلیمی اداروں میں سیاسی نعرے نہیں لگنے چاہئیے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے تقریب سے خطاب کے لئے مائیک سنبھالا تو تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ نعرے لگانا، احتجاج کرنا جمہوریت کا حسن ہے ، جمہوریت زندہ آباد ، جس نے احتجاج کیا ہم اسے بھی سراہتے ہیں۔