|

وقتِ اشاعت :   November 24 – 2014

ننکانہ صاحب: سیشن کورٹ نے اشتعال انگیز تقریر کرنے پرعوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے خلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج کرنے کا حکم جاری کردیا۔

 ننکانہ صاحب میں تحریک انصاف کے جلسے کے دوران اشتعال انگیز تقریر کرنے پر مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سیشن کورٹ میں درخواست دائر کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ شیخ رشید نے ریاست کے خلاف عوام کو جلاؤ گھیراؤ پر اکسانے کی کوشش کی لہذا ان کے خلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے شیخ رشید کے خلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔

دوسری جانب ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مقدمے پر بھرپور دفاع کیا جائے گا کیوں کہ انہوں نے ظالم نظام کے خلاف آواز بلند کی۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے ننکانہ صاحب جلسے کے دوران اپنے خطاب کے دوران شیخ رشید نے 30 نومبر کو اسلام آباد میں جلاؤ گھیراؤ، مارو یا مرجاؤ اور چوروں سے ملک کو آزاد کرانے کا بیان دیا تھا۔