|

وقتِ اشاعت :   November 27 – 2014

کوئٹہ : حکومت بلوچستان پولیو کے خاتمے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور پولیو ورکرز کی حفاظت کے لئے اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ نے بی ایچ یو احمد زئی سریاب (A.B) اور بی ایچ یو کیچی بیگ سریاب میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلاتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرصوبائی سیکرٹری داخلہ اکبر حسین درانی اور سیکرٹری صحت ارشدحسین بگٹی بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ وہ عمر بھر کے معذوری سے بچ سکیں ۔ اس سلسلے میں والدین کا فرض بنتا ہے کہ وہ اپنے فرض کو ضرور نبھائیں اور پولیو کے خاتمے میں اپناکردار ادا کریں۔ پولیو ایک مو ذی مرض ہے جس کی وجہ سے بچے ہمیشہ کے لئے اپاہج ہوجاتے ہیں ۔پولیو کے مرض کی وجہ سے ہمیں پوری دنیا میں شرمندگی ہو رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان پولیو کے خاتمے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے کیونکہ پولیو کی ہارمیں ہم سب کی جیت ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پولیو کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔