|

وقتِ اشاعت :   November 29 – 2014

لاہور: الیکشن ٹریبونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 میں انتخابی دھاندلی کے خلاف درخواست پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو طلب کرلیا ہے۔ لاہورمیں انتخابی عذر داریوں کی سماعت کرنے والے الیکشن ٹریبونل میں این اے 122 میں انتخابی دھاندلی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران گواہاں نے اپنا بیان قلم بند کرایا، دوران جرح گواہان کا کہنا تھا کہ پولنگ کے دوران پریزائڈنگ افسر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کے حق میں جعلی ووٹ ڈلواتے رہے، جس پر انہوں نے احتجاج کیا لیکن ان کی کوئی شنوائی نہیں ہوئی، ووٹوں کی گنتی سے قبل انہیں پولنگ اسٹیشنز سے نکال دیا گیا، فارم 14 کا سرکاری نتیجہ بھی نہیں دیا گیا۔ ٹریبونل نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت دیگر گواہان کو 6 دسمبرکو طلب کرلیا۔ واضح رہے کہ این اے 122 سے موجودہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کامیاب قرار پائے تھے جبکہ ان کے مدمقابل امیدوار عمران خان تھے۔