|

وقتِ اشاعت :   December 1 – 2014

کوئٹہ: صوبائی وزیر بلدیات سردار مصطفی خان ترین نے کہا ہے کہ بلوچستان میں میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب نئے سال 2015 میں ہوگا جس کے لئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ، 15 دسمبر سے کوئٹہ شہر میں صفائی مہم کا آغاز کیا جائے گا اور شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میٹروپولیٹن کارپوریشن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سیکرٹری بلدیات حافظ عبدالباسط ، چیف میٹروپولیٹن آفیسر ارباب عبدالجبار کاسی ، چیف آفیسر عطاء اللہ بلوچ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ صوبائی وزیر سردار مصطفی خان ترین نے کہاکہ ملک میں سب سے پہلے بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات ہوئے صوبے کے سورش زدہ حالات کے باوجود پاک فوج ، وزیراعلیٰ بلوچستان ، چیف سیکرٹری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بدولت پرامن انتخابات ہوئے کیونکہ یہاں پر جس طرح کے حالات تھے کوئی یہ تصور نہیں کرسکتا کہ یہاں پر بلدیاتی انتخابات ہوں گے لیکن حکومت کی موثر حکمت عملی کی بدولت انتخابات ہوئے ۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کا ایک سال پورا ہونے کو ہے لیکن کچھ قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے تیسرا مرحلہ مکمل نہ ہوسکا اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے اس معاملے پر احتجاج بھی کیا گیا ، حکومت نے خود سپریم کورٹ میں ڈرا کرکے بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لئے انتخابات کا اعلان کیا ۔ 31 دسمبر کو کسان اور مزدور کے نشستوں کے لئے انتخابات ہوں گے اور سال 2015 کے پہلے ہفتے میں میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات کا انعقاد ہوگا تمام ڈی سی اوز کو آر اوز کے اختیارات دیئے گئے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے سیاسی بنیاد پر انتخابات کرائے اور جس پارٹی کا بھی ناظم آئے گا وہ کوئٹہ کی ترقی وخوشحالی میں اپنا کردار ادا کرے گا ۔ ایک سوال ک جواب میں انہوں نے کہاکہ جو ایماندار میئر اور ڈپٹی میئر آئے گا وہ ہمارا ہی ہوگا میئر اور ڈپٹی میئر 4 سال کے لئے منتخب ہوں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں15 دسمبر سے صفائی مہم کا آغاز کیا جائے گا ، شہر کے مسائل ختم ہونے کا اہم وجہ محکموں کے درمیان کوآرڈنیشن کا فقدان ہے ۔