|

وقتِ اشاعت :   December 6 – 2014

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی رکن صوبائی اسمبلی میر عاصم کرد گیلو کے بارے بیان کے وضاحت کے بعد تحریک استحقاق نمٹا دی گئی ۔ بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر میر عبدالقدوس بزنجو کی صدارت میں شروع ہوا اور مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے رکن صوبائی اسمبلی میر عاصم کرد گیلو نے کہا کہ یکم دسمبر کو وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے میرے متعلق ایک بیان دیا تھا کہ تاریخ کا جبر ہے کہ میر عاصم کرد گیلو جیسے لوگ مجھ پر کرپشن کے الزامات لگاتے ہیں مگر حقیقت اس کے برعکس ہے جس کی وجہ سے ہمارا استحقاق مجروح ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ 1990 سے میں رکن اسمبلی منتخب ہوتا چلا آرہا ہوں اور یہ پہلی دفعہ کوئی حکومت رکن وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک استحقاق پیش کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدلمالک بلوچ نے اپنے معزز اراکین کے خلاف جو نازیبا الفاظ استعمال کئے ہیں وہ قابل مذمت ہیں اور ان بیان سے میری دل آزاری ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرے منہ میں بھی وہ زمان ہے جو عمران خان اور شیخ رشید استعمال کررہے ہیں مگر ہم پشتون بلوچ روایات کے مطابق ایوان کو چلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اتحادیوں کا اس طرح مذاق اڑانا قابل افسوس ہے ۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والی رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر شمع اسحاق نے کہا کہ معزز رکن قائد ایوان کے خلاف جو الفاظ استعمال کررہے ہیں وہ قابل مذمت ہیں اور ایوان اس کا نوٹس لے ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع اور معزز رکن میر عاصم کرد گیلو ہمارے لئے قابل احترام ہیں ایک رہنماء کی پارٹی میں شمولیت کے موقع پر صحافیوں نے سوال کیا اور ہم نے جواب دیا کہ تاریخ کا جبر ہے کہ مولانا عبدالواسع اور عاصم کرد گیلو جو شروع دن سے اقتدار میں تھے وہ ہم پر تنقید کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں وضاحت کرتا ہوں کہ اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع اور معزز رکن میر عاصم کرد گیلو کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرکے کرپشن بارے تحقیقات کریں ۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ق) کے پارلیمانی لیڈر شیخ جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی جانب سے وضاحت کے بعد معاملہ کو نمٹایا جائے ۔ پشتونخوا میپ کے پارلیمانی لیڈر عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی جانب سے وضاحت کے بعد اب اس معاملے کو ختم کیا جائے اور معزز رکن عاصم کرد گیلو کے وزسیراعلیٰ کے متعلق بیان کا بھی نوٹس لیا جائے ۔ اپوزیشن رکن سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہاکہ اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع کو علاقے کے عوام نے منتخب کیا ہے وہ سلیکٹ کر نہیں آئے کہ کوئی ان کے خلاف بیان بازی کرے اور اس متعلق استحقاق کمیٹی بنائی جائے تاکہ وہ حالات کا جائزہ لے اور یہ بتایا جائے کہ معزز رکن کا استحقاق مجروح ہوا ہے یا نہیں ۔