|

وقتِ اشاعت :   December 10 – 2014

لندن/کراچی: متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین نے لندن اور کراچی کی رابطہ کمیٹیاں معطل کردیں جب کہ قمر منصور کو کراچی اور ارشد حسین کو لندن رابطہ کمیٹی کا قائم مقام انچارج مقررکردیا۔

 ایم کیوایم قائد نے ایک مرتبہ پھررابطہ کمیٹیاں معطل کردیں ۔ ذرائع کے مطابق الطاف حسین نے سیالکوٹ میں پارٹی کے ضلعی نائب صدر باؤ محمد انور کے قتل پر فوری طور پر ردعمل نہ دینے اور ارکان کی کارکردگی پرشدید غم و غصے کا اظہار کیا اور قمر منصور کو کراچی اورارشد حسین کو لندن کی رابطہ کمیٹی کا قائم مقام انچارج مقررکردیا جو آئندہ کے اعلان تک اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ نائن زیرو پرکارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین سیالکوٹ میں آج قتل ہونے والے ضلعی نائب صدر باؤ انور کے قتل پر آبدیدہ ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ کہ ظلم و ستم کے باوجود کارکنوں کو صبر کی تلقین کی لیکن صبر اور برداشت کی بھی ہوئی حد ہوتی ہے،اگر ہمارے کارکنوں کو مارا جاتا رہا تو قرآن پاک کی آیت کی روشنی میں ناک کے بدلے ناک، کان کے بدلے کان اور جان کے بدلے جان لینے کا حق رکھتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر نصرت جاوید اور اسلم آفریدی کو قائم مقام انچارج قمرمنصور کا معاون مقررکیا گیا ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نائن زیرو آنے والے متحدہ قومی موومنٹ کےارکان اسمبلی کو بھی واپس بھیج دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ  متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے 23 مئی کو بھی ایم کیو ایم پاکستان و لندن رابطہ کمیٹی اور نائن زیرو کی ایڈمن کمیٹی تحلیل کردی تھی۔