|

وقتِ اشاعت :   December 11 – 2014

کراچی: صوبہ سندھ کے وزیر جیل خانہ جات منظور وسان کا کہنا ہے کہ 12 دسمبرکوزبردستی کسی کوشہر بند کرانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے 2013 کےعام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کے سلسلے میں 30 نومبرکو اسلام آباد میں ایک بڑے جلسے میں خطاب کے دوران ‘پلان سی’ کا اعلان کیا تھا جس کے مطابق 8 دسمبر کو فیصل آباد اور 12 دسمبر کو کراچی کو بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ عمران خان نے 16 دسمبر کو پورے ملک کو بند کرنے کا بھی اعلان کیا۔ کراچی میں آئی جی سندھ کے نئے دفتر کے افتتاح کے موقع پروزیرِ جیل خانہ جات منظور وسان نے خبردار کیا کہ کسی کو بھی زبردستی شہر بند نہیں کرنے دیا جائے گا۔ منظور وسان نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین کو پارٹی اراکین پر بد عنوانی کے الزامات کی تحقیقات میں مدد کی بھی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ ‘الطاف حسین کے مطابق رابطہ کمیٹی کے اراکین نے کراچی کی گلیاں تک بیچ دی ہیں تو بحیثیت اینٹی کرپشن منسٹر، میں اس معاملے کی انکوائری کرا کے رپورٹ دے سکتا ہوں’۔ یاد رہے کہ گزشتہ روزایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر کارکنوں سے خطاب کے دوران الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی پر برستے ہوئے کہا تھا کہ کمیٹی کے اراکین نے کراچی کی گلیاں اورگراؤنڈ تک بیچ دیئے ہیں۔ منظور وسان کا کہنا تھا کہ ‘الطاف حسین جتنی جلدی ناراض ہوتے ہیں اُتنی ہی جلدی مان بھی جاتے ہیں’۔ سندھ کے وزیر جیل خانہ جات منظور وسان نے کہا کہ مذاکرات کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور امید ہے کہ کل تک معاملات بہتر ہوجائیں گے۔