|

وقتِ اشاعت :   December 17 – 2014

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف 126 روز سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ اسلام آباد میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات اس بات کا نقاضہ کرتے ہیں کہ ملک کی تمام قوتیں ایک ہو جائیں اس لیے انہوں نے دھرنا ختم کرنے کافیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ‘میرا دن تو نہیں تھا کہ میں نواز شریف کی دعوت پر کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کروں مگر حالات کی وجہ سے کیا’۔ عمران خان نے کہا کہ انہوں نے نواز شریف کو یقین دلایا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت کی مکمل حمایت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کانفرنس میں جس کمیٹی کا اعلان کیا گیا اس میں تحریک انصاف کا نمائندہ بھی شامل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی اپنی رپورٹ سات روز میں پیش کرے گی جس کی روشنی میں مزید فیصلے کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے گذشتہ چار ماہ کے دھرنے نے پوری قوم جاگ گئی ہے۔ عمران خان نے بتایا کہ اے پی سی میں جب کور کمانڈر پشاور نے حقائق سے آگاہ کیا جن نے پتا چلا کہ ان حالات میں ہم سب کو یکجہتی کی ضروت ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نواز شریف کمیشن قائم کرکے دھاندلی کی تحقیقات کرائیں گے۔