راولپنڈی: جی ایچ کیو حملہ کیس میں پھانسی کی سزا پانے والے عقیل عرف ڈاکٹرعثمان سمیت 6 مجرموں کو آئندہ 24 گھنٹے میں تختہ دار پر لٹکائے جانے کا امکان ہے۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے گزشتہ روز ڈاکٹر عثمان سمیت 6 مجرموں کے ڈیتھ وارنٹ پر دستخط کردیے تھے جس کے بعد ڈاکٹر عثمان کو فیصل آباد جیل کے ڈیتھ سیل منتقل کردیا گیا ہے۔ جیل حکام کو ڈاکٹرعثمان کے ڈیتھ وارٹ بھی موصول ہوچکے ہیں جس کے بعد قیدی سے اس کے بھائی کی آخری ملاقات بھی کرادی گئی ہے جب کہ ایک اورقیدی راشد کی بھی لواحقین سے آخری ملاقات کرا دی گئی ہے۔ فیصل آباد جیل میں آئندہ 24 گھنٹے کے دوران پھانسی کے منتظر دیگر قیدیوں کوبھی تختہ دار پر لٹکادیا جائے گا جب کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جیل کے اطراف انتہائی سخت سیکیورٹی اقدامات کئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر عثمان پاک فوج میں میڈیکل کور کے اہلکار تھے اور انہوں نے 10 اکتوبر 2009 کو فوجی ہیڈکوارٹر پر حملے کی منصوبہ بندی اور اس کی قیادت کی تھی جس کے جرم میں ملٹری کورٹ نے انہیں سزائے موت کا حکم دیا تھا۔