|

وقتِ اشاعت :   December 19 – 2014

راولپنڈی: وفاقی حکومت نے ممبئی حملہ کیس کے ملزم ذکی الرحمان لکھوی کو 16 ایم پی او تحت نظربند کردیا۔

 ممبئی حملہ کیس کے ملزم ذکی الرحمان لکھوی کو گزشتہ روز راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے 5،5  لاکھ روپے کے دو مچلکوں کے عوض ضمانت کرلی تھی تاہم گزشتہ روز رات گئے حکومت نے رات گئے انہیں 16 ایم پی او کے تحت نظر بند کردیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے ذکی الرحمان لکھوی کی ضمانت منسوخی کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

گزشتہ روز سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا  تھا کہ ان کے موکل کے خلاف مقدمے کو 6 سال کا عرصہ بیت گیا ہے لیکن اس دوران استغاثہ ایسا کوئی بھی ثبوت عدالت میں پیش نہیں کر سکا جس سے ان کے موکل کو مجرم ثابت کیا جاسکے، اگراتنے عرصے میں بھی کوئی ثبوت نہیں مل سکا ہے تو ان کے موکل کا بنیادی حق ہے کہ انہیں ضمانت پر رہا کر دیا جائے جبکہ دلائل سننے کے بعد عدالت نے ملزم کو مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کردیا تھا۔