|

وقتِ اشاعت :   December 24 – 2014

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک کے مشکل حالات ہیں اور اس میں ہمیں بڑے اور مشکل فیصلے کرنا ہوں گے جبکہ دہشت گردوں کے خلاف جرات مندانہ فیصلوں کا بھی وقت آگیا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس میں پارلیمانی جماعتوں کے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے سربراہ پاک فوج نے بتایا کہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب اورخیبر ون کامیابی سے جاری ہیں تاہم دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچانے اور دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے سخت قوانین اور موثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ جنرل راحیل شریف نےکہا کہ اس وقت مشکل حالات ہیں اور ہمیں مشکل اور بڑے فیصلے کرنا ہوں گے جبکہ دہشت گردوں کے خلاف جرات مندانہ فیصلوں کا بھی وقت آگیا ہے۔ پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج قوم کے ساتھ کھڑی ہے ہمیں ہر صورت دہشت گردی ختم کرنا ہوگی، ہم متحد ہوکر ہی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب ہوسکتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف قابو پانے کے لیے سخت قوانین اور موثر اقدامات کی ضرورت ہے جبکہ دہشت گردی  کے خلاف کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد بھی یقینی بنایا جائے۔