|

وقتِ اشاعت :   January 10 – 2015

میرپورخاص: محمودآباد کے علاقے میں پولیس مقابلے میں بدنام زمانہ ڈاکو چھوٹو ناریجو 4 ساتھیوں سمیت ہلاک جب کہ 2 ایس ایچ اوز سمیت 5 پولیس اہلکار جاں بحق اور ایک ایس ایچ او سمیت 8 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ ایس ایس پی حیدرآباد عرفان علی بہادرنےبتایا کہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب میر پور خاص کے علاقے محمود آباد میں ڈاکوؤں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر حیدرآباد اور مقامی پولیس کے 2 درجن سے زائد تھانوں کی نفری نے مشترکہ آپریشن شروع کیا جو صبح تک جاری رہا۔ مقابلے میں بدنام زمانہ ڈاکو چھوٹو ناریجو 4 ساتھیوں سمیت ہلاک ہو گیا جب کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے حیدر آباد کے 2 ایس ایچ او واحد بخش لغاری اور حسن عابدی سمیت 4 پولیس اہلکار بھی جاں بحق اور ایک ایس ایچ او ممتاز بروہی اور 7 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ مقابلے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر سول اسپتال حیدر آباد منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز کے مطابق ایس ایچ او ممتاز بروہی سمیت 3 اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے جب کہ دیگر اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکو پورے سندھ میں اغوا برائے تاوان، قتل، اقدام قتل سمیت سنگین جرائم کی 50 سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھے جب کہ ڈاکوؤں کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے مقابلے میں جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لئے ایک ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔