کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کے علاقے حب میں پولیس نے ایک کارروائی کے دوران بنوں کی سینٹرل جیل سے فرار ہونے والے سزائے موت کے قیدی کو گرفتار کرلیا۔ ایس پی حب زاہد اللہ خان کے مطابق مجرم رمیز راجہ کو حب کے ہائیٹ تھانے کی حدود میں انڈسٹریل ایریا سے خفیہ اطلاع ملنے پر گرفتار کیا گیا ۔ ملزم نے دس سال قبل کوہاٹ میں اپنی چچی کو قتل کیا تھا۔ جس پر 2007سیشن کورٹ کوہاٹ نے اسے سزائے موت سنائی تھی۔ جولائی2012ء میں بنوں کی سینٹرل جیل پرطالبان کے حملے میں سینکڑوں قیدی فرار ہوگئے تھے جن میں رمیز راجہ بھی شامل تھے۔ پولیس کے مطابق مجرم نے دوران تفتیش بتایا کہ طالبان نے جیل توڑنے کے بعد اپنی ساتھیوں کو فرار کرانے کے ساتھ ساتھ ہمیں بھی فرار ہونے کا کہا ۔ رمیز راجہ نے بتایا کہ جیل سے بھاگنے کے بعد کوہاٹ میں اپنے آبائی گاؤں گیا اور کچھ دنوں قیام کے بعد کراچی منتقل ہوگیا جہاں اس سنے کراچی کی شفیق کالونی کورنگی سے آفتاب احمد کے نام سے نادرا کی موبائل ٹیم کے ذریعے شناختی کارڈ بنایا ۔ کچھ عرصہ نیو کراچی میں کپڑوں کے کارخانے میں مشین آپریٹر کے طور پر اورپرنٹنگ پریس میں بھی کام کیا۔ مجرم نے بتایا کہ وہ حب میں پانچ مہینوں سے رہائش پذیر تھا اور یہاں وہ مقامی فیکٹری میں سیکورٹی گارڈ اور ویلڈنگ کی دکان میں بھی ویلڈر کی حیثیت سے کام کرتا رہا۔ پولیس کے مطابق اب تک کی تفتیش میں مجرم جیل سے فرار ہونے کے بعد کسی مجرمانہ سرگرمی میں ملوث نہیں پایا گیا ۔