|

وقتِ اشاعت :   January 29 – 2015

لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے اور انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم اور ایوان صدر بھیج دیا ہے۔ چوہدری محمد سرور کے مستعفی ہونے کے بعد اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال قائم مقام گورنر ہوں گے۔ چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ موجودہ صورت حال میں حکومت کے ساتھ نہیں چل سکتا، صحت اور تعلیم کے میدان میں حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ انہوں نے گزشتہ رات ہی اپنا استعفیٰ وزیراعظم ہاؤس اور ایوان صدر بھیج دیا تھا اور استعفے کی منظوری کے بعد گورنر ہاؤس خالی کر دوں گا۔ قبل ازیں ایکسپریس نیوز اسلام آباد کے بیورو چیف عامر الیاس رانا کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے حکومت مخالف بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور کچھ ہی دیر میں اس حوالے سے باقاعدہ اعلان بھی کر دیا جائے گا. ذرائع وزیراعظم ہاؤس کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ شب ہی گورنر پنجاب کو ان کے عہدے سے ہٹانے کی اطلاع دے دی تھی۔ واضح رہے کہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور گزشتہ 3 ماہ سے حکومت میں رہتے ہوئے حکومت مخالف بیانات دے رہے تھے جس کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں بھی سخت غم و غصہ پایا جاتا تھا۔ امریکی صدر بارک اوباما کے دورہ بھارت کے حوالے سے بھی انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ پاکستان کی سفارت کاری کی ناکامی ہے کہ امریکی صدر پاکستان نہیں آ رہے جس پر وزیراعظم نواز شریف نے نوٹس لیا تھا۔