|

وقتِ اشاعت :   January 31 – 2015

؂ کوئٹہ ( این این آئی )وزیر اعلیٰ بلوچستا ن ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور حکومت بلوچستان کے اہم نمائندگان کے ساتھ ملاقات کے دوران کمانڈرسدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے کے نہایت پرامن اور بطریقِ احسن مکمل ہونے پر بلوچستان کی مخلوط حکومت ، منتخب بلدیاتی عہدیداران ،نمائندگان اور بلخصوص بلوچستان کے امن پسند عوام کو تہہ دل سے مبارک باد پیش کی اور کہا کہ یہ تمام عمل یقیناًمخلوط حکومت کی معاملہ فہمی ، سیاسی بصیرت اور مخلصانہ کاؤشوں کی بدولت ہی پایہ تکمیل تک پہنچ سکا ۔ بلوچستان وہ واحد صوبہ ہے جہاں بلدیاتی انتخابات مکمل ہوئے اور اس کا سہرا بلوچستان کے غیور عوام کے سر جاتاہے۔جنرل ناصر خان جنجوعہ نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ اس اہم انتخابی مرحلے کی تکمیل سے بلوچستان کی تعمیروترقی اورامن کی بحالی میں ہر چند اضافہ ہوگا اور تمام بلدیاتی عہدیداران عوام کی اُمیدوں پر پورا اتریں گے۔اُنہوں نے اس بات کا بھی یقین دلایا کہ پاکستان آرمی اس اہم مرحلے میں بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور اس نئے اورانتہائی اہم حکومتی جُز کو فعال بنانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھے گی۔بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے اور اسی سیاسی عمل کے تسلسل سے بلوچستان کے عوام کا مقدر بدلے گا ۔