کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ میں پولیس اور فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران 260مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ۔پولیس کے مطابق سرچ آپریش کیچی بیگ اور سریاب کے مختلف علاقوں کیاگیا جس میں پولیس کے ساتھ فرنٹیئر کور، بلوچستان کانسٹیبلری، انٹی ٹیررسٹ فورس اور ریپڈ رسپانس فورس کے اہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔ آپریشن کے دوران 260مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا جن میں مختلف وارداتوں میں ملوث مفرور ملزمان اور غیر قانونی طور پر رہائش پذیر افغان باشندے بھی شامل ہیں۔ گرفتار افراد میں سے دو افراد سے دو ٹی ٹی پستول اور اس کے درجنوں کارتوس بھی برآمد کئے گئے۔ گرفتار افراد کو کیچی بیگ اور سریاب تھانوں میں منتقل کیا گیا۔ ایس پی سریاب ظہور آفریدی کے مطابق گرفتار افراد میں دو اشتہاری بھی شامل ہیں۔دریں اثناء سریاب میں سرچ آپریشن اور مبینہ طو رپر بے گناہ افراد کی گرفتاریوں کے خلاف بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کی جانب سے سریاب تھانے کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا جس کی وجہ سے سریاب روڈ پر ہر قسم کی آمدروفت معطل ہوگئی۔ بی این پی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سرچ آپریشن کے نام پر بے گناہ افراد کو گرفتار کرکے تنگ کیاجارہا ہے ۔چادر و چار دیواری کے تقدس کی پامالی کا نوٹس لیا جائے۔ انہوں نے گرفتار افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔