|

وقتِ اشاعت :   February 3 – 2015

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کے ضلع گوادر اور کیچ کے درمیان شادی کور ڈیم پراجیکٹ کے چھ ملازمین کو گاڑی سمیت ا غواء کرلیا گیا، اغواء کاروں نے ڈیم کے کریش پلانٹ کی مشنری کو بھی تباہ کرکے ایک گاڑی چھین لی اور فرار ہوگئے ۔ لیویز کے مطابق گوادر کی تحصیل پسنی سے 45کلو میٹر دور شمال میں شادی کور کے مقام پر ٹھیکیدار نور احمد ڈیم کے کریش پلانٹ پر درجن سے زائد مسلح افراد نے دھاوا بول دیا۔ مسلح افراد نے کریش پلانٹ کی مشنری اور وہاں کھڑی دو ڈومپر گاڑیوں پر فائرنگ کی اور ٹائر برسٹ کردیئے۔ مسلح حملہ آور کریش پلانٹ پر کھڑی ایک گاڑی کو اپنے ساتھ لے گئے۔ لیویز کے مطابق مسلح افراد جب جارہے تھے تو ان کا سامنے شادی کور ڈیم پراجیکٹ کے ملازمین کے ساتھ ہوا جو گاڑی میں پسنی کی طرف آرہے تھے۔ مسلح افراد گاڑی میں سوار تمام چھ ملازمین کو نامعلوم مقام کی طرف فرار ہوگئے۔ مغویوں میں اسسٹنٹ ریذیڈنٹ انجینئر رفیق لغاری، سرویئر پرویز، سپروئازر عنایت اللہ، سپروئزر جمال نور، میٹریل انجینئر رمضان ترین اور ڈرائیور قادر بخش شامل ہیں۔ ملزمان مغویوں کی گاڑی رجسٹریشن نمبر QAU2937برنگ آسمانی ماڈل2009 بھی اپنے ساتھ لے گئے۔ اسسٹنٹ کمشنر پسنی منصور احمد نے واقعہ کی تصدیق کی ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ اغواء کا واقعہ پسنی سے ملحقہ ضلع کیچ کے علاقے زرین کہور میں پیش آیا ہے۔ دریں اثناء پسنی ہی میں نامعلوم افراد نے پی ٹی سی ایل کے ایک پرانے ٹاور کو دھماکے سے تباہ کردیا تاہم اسسٹنٹ کمشنر پسنی نے اس واقعہ کی تصدیق نہیں کی ہے۔