|

وقتِ اشاعت :   February 10 – 2015

لندن: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ وہ قومی اداروں کا کل بھی احترام کرتے تھے اور آج بھی کرتے ہیں، ان کے خطابات سے قانون نافذ کرنے والےاداروں اوران کے بعض حکام کی دل آزاری ہوئی جس پر وہ ان سے معذرت خواہ ہیں۔ لندن سے جاری اپنے بیان میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نےکہا ہے کہ گزشتہ دنوں انہوں نے چند خطابات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بعض افراد کے بارے میں کچھ سخت جملے ادا کئے تھے جن سے ان اداروں اور ان کے بعض حکام کی دل آزاری ہوئی جس پر وہ ان سے معذرت خواہ ہوں۔ الطاف حسین نے کہا کہ ان کا مقصد کسی کی بھی دل آزاری کرنا نہیں تھا پھر بھی ان کی بیان کردہ باتوں سے جس کسی بھی ادارے کے کسی بھی فرد کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ اس پر معذرت خواہ ہیں۔ وہ قومی اداروں کا کل بھی احترام کرتے تھے اور آج بھی کرتے ہیں۔