کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہر صورت میں جیتنی ہے، ناکامی کا تصور ہی نہیں ،یہ ہماری معاشی و معاشرتی زندگی کا مسئلہ اور آئندہ نسلوں کی بقاء کا سوال ہے، اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ہمیشہ کے لئے اس دھرتی کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک نہیں کر دیا جاتا۔ پوری قوم اور قومی ادارے متحد ہو کر قومی لائحہ عمل کے تحت ملک سے دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اْکھاڑ پھینکنے کے لئے پرعزم ہیں۔وزیراعظم محمد نواز شریف نے سبی ہرنائی ریلوے ٹریک کی تعمیر اور پی ایس ڈی پی سے باقی فنڈز کے اجراء کی منظوری دیتے ہوئے کوئٹہ شہر کے لئے پانچ ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا ۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں انسداد دہشت گردی فورس کے پہلے سپیشل کمبیٹ یونٹ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب میں وزیراعظم نواز شریف‘ آرمی چیف جنرل راحیل شریف‘ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی‘ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ‘ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ‘ وفاقی اور صوبائی وزراء اور دیگر عمائدین شریک ہوئے۔ تقریب میں تربیت حاصل کرنے والے انسداد دہشت گردی فورس کے اہلکاروں نے اپنی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔ انسداد دہشت گردی فورس میں شامل اہلکاروں کا تعلق پولیس سے ہے ان کی تربیت پاک آرمی کے جوانوں نے ایک ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کی۔ انسداد دہشت گردی فورس کے پہلے مرحلے میں دو سو اہلکار پاس آؤٹ ہوئے جن میں اٹھارہ خواتین اہلکار بھی شامل ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں میں میڈلز اور اسناد تقسیم کیں۔ تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے وزیراعظم نواز شریف کو یاد گاری سوینئر پیش کیا جبکہ آئی جی بلوچستان محمد عملیش نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو یاد گاری سوینئر پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت میرے لئے باعث فخر ہے بلوچستان کی انسداد دہشت گردی فورس کے افسران اور جوانوں نے جس پیشہ وارانہ تربیت کا مظاہرہ کیا اس سے ہم سب کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ میں پورے یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ جس قوم کے پاس ایسے جانباز سپاہی ہوں ایسی قوم کو نہ تو کوئی دہشت گرد شکست دے سکتا ہے اور نہ ہی کوئی طاقت آگے بڑھنے سے روک سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ بات نظر انداز نہیں کرسکتے کہ اس وقت سرزمین پاکستان دہشت گردی کی زد میں ہے ہمیں ہمت ‘ برداشت اور ہوش مندی سے کام لینا ہوگا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ کا آغاز قومی لائحہ عمل کے تحت پورے ملک میں ہوچکا ہے اس جنگ کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ عوام کا تحفظ حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے انسداد دہشت گردی فورس کے قیام کا فیصلہ کرتے ہوئے سوچا کہ بہترین جوانوں پر مشتمل دستہ تیار کیا جائے گا اور انہیں بہترین تربیت دی جائے گی۔ پنجاب کے بعد بلوچستان میں بھی انسداد دہشت گردی فورس کا دستہ ٹریننگ مکمل کرنے کے بعد اپنے فرائض کی ادائیگی کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان پورے ملک میں لوگوں کی حفاظت کے لئے جدید بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے دہشت گردی کے خلاف تمام قومی ادارے آپس میں متفق ہوچکے ہیں دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری آئندہ نسلوں کی بقاء کے لئے ضروری ہے‘ انسداد دہشت گردی فورس کو جدید ترین ہتھیاروں سے لیس کیا جارہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں کو تلقین کرتا ہوں کہ اپنے فرائض غیر جانبداری ‘ احساس ذمہ داری اور نظم و ضبط پر کاربند رہتے ہوئے انجام دیں۔ آپ سے شہریوں کو احساس تحفظ ملنا چاہئے کوئی دہشت گرد اور مجرم آپ کے ہاتھوں سے بچنا نہیں چاہئے آپ اپنی تربیت کے مقصد کو پور اکریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور حکومت کے ساتھ کھڑا ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی جنگ ہے آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کے جوان دہشت گردوں اور ان کے ٹھکانوں کے خاتمے کے لئے جوانمردی سے برسرپیکار ہیں وفاقی حکومت بھی قومی لائحہ عمل کے تحت پورے ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے کوشاں ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں وفاقی حکومت‘ صوبائی حکومتیں ‘ تمام سیاسی جماعتوں‘ عسکری اداروں نے مل کر جو نصب العین اپنایا ہے وہ لائق تحسین ہے۔ جب قومیں کسی مقصد کے لئے اکٹھی ہوجائیں تو انہیں کامیابی حاصل کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف اور دیگر عسکری حکام کا قلیل وقت میں انسداد دہشت گردی فورس کی تربیت مکمل کرنے پر ممنون ہوں جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف اپنے خون سے جو تاریخ رقم کی وہ انسداد دہشت گردی فورس سمیت پوری قوم کے لئے مشعل راہ ثابت ہوگی۔ وقت آنے پر قوم کے یہ بیٹے اور بیٹیاں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گی۔ پوری قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم تب تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ہمیشہ کے لئے اس دھرتی کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک نہیں کردیا جاتا یہ عزم صرف وزیراعظم یا سپہ سالار کا نہیں پوری قوم کا عزم ہے۔ انسداد دہشت گردی فورس وفاق اور تمام صوبوں میں امن قائم کرے گی۔