|

وقتِ اشاعت :   February 22 – 2015

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کچھ بھی کرلیں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں انتخابات جیت کر دکھائیں گے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کودوسرے درجے کا شہری بنادیا گیا ہے، 2013 کے انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کی ابھی تحقیقات شروع نہیں ہوئی اور گلگت بلتستان میں دھاندلی کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے اپنے ہی ایک وزیر برجیس طاہر کو گلگت بلتستان کا گورنر مقرر کیا، جنہوں نے وہاں ترقیاتی فنڈز کا اعلان کردیا۔ اگر گلگت بلتستان میں دھاندلی ہوئی تو وہاں کے لوگ بھی سڑکوں پر آئیں گے۔ وہ قائم مقام گورنرگلگت بلتستان کی تعیناتی عدالت میں چیلنج کریں گے۔ عمران خان نے کہا کہ حکومت نے دوسرے اداروں کی طرح کرکٹ کا بھی برا حال کردیا، نجم سیٹھی کو غیر قانونی طریقے سے پی سی بی سربراہی دھاندلی کے تحفے میں دی گئی۔ اسحاق ڈار نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے نواز شریف کے لئے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی، اب بھی  یو اے ای میں اسحاق ڈار کے بیٹے اربوں روپے کی جائداد کے مالک ہیں۔ اس سے قبل آزاد کشمیر کے سیاسی رہنماؤں کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سندھ اور پنجاب پولیس اسٹیٹ بنے ہوئے ہیں، ملک کی دونوں سیاسی جماعتوں نے بلدیات کے نظام  کو ختم  کرکے تمام اختیارات اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں لیکن تحریک انصاف خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کروا کر گاؤں کی سطح پر عوام کو ان کے اختیارات منتقل کرے گی۔پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) صاف ، شفاف ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات پر یقین نہیں رکھتیں، نواز شریف تو وہ شخص ہیں جو کرکٹ بھی اس وقت تک نہیں کھیلتے جب تک اپنا امپائر نہ رکھ لیں۔ انہوں نے گلگت میں اپنا امپائرکھڑا کرلیا ہے جب کہ آزاد کشمیر میں انتخابات کو ملتوی کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ نواز شریف جو چاہیں کرلیں ہم آزاد کشمیراور گلگت بلتستان میں انتخابات جیت لیں گے۔